پورے خطے کو شدید خطرات کا سامنا ہے ، بیگم نسیم ولی خان

کشیدگی اور تشدد کے ماحول کو انتہائی وسیع النظر سیاسی سوچ اور بہتر حکمت عملی کے ذریعے پائیدار نتائج کی جانب لے جایا جا سکتا ہے، اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

منگل 13 اکتوبر 2015 22:58

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء )عوامی نیشنل پارٹی ولی کی چیئر پرسن بیگم نسیم ولی خان نے کہا ہے کہ پورے خطے کو شدید خطرات کا سامنا ہے کشیدگی اور تشدد کے ماحول کو انتہائی وسیع النظر سیاسی سوچ اور بہتر حکمت عملی کے ذریعے پائیدار نتائج کی جانب لے جایا جا سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ولی باغ میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں مرکزی جنرل سیکرٹری اورنگزیب کاسی ‘ صوبائی جنرل سیکرٹری امان خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بیگم نسیم ولی خان کا کہنا تھا کہ اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ کالا باغ ڈیم کی مانند کاشغر گوادر کاریڈور کے روٹ کا مسئلہ صوبوں کے درمیان ایشو بنا ہے اور اس مسئلے کو بھی اس مثبت سوچ کے تحت حل کرنا چاہئے نہ صوبوں کے عوام کے درمیان غلط فہمیاں پیدا ہوں اور نہ کسی صوبے کو حق تلفی کا نقصان کا اندیشہ ہو ۔

(جاری ہے)

منصوبے ‘ معاہدات اور پروجیکٹس ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے ہوتے ہیں لیکن جہاں مخصوص علاقائی ‘ و لسانی مفاد کو ہر صورت میں مقدم سمجھا جاتا ہے تو دیگر پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور تنگ نظر و جانبدارانہ رویوں سے محرومیاں بڑھتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کاریڈور کے ایشو پر آل پارٹیز کانفرنس میں ملک کے مفاد کے پیش نظر وزیر اعظم نواز شریف نے کاریڈور کے مغربی روٹ پر جو موقف پیش کیا تھا اسی میں ملک اور عوام کا بہتر مستقبل دکھائی دیتا ہے وفاقی وزیر احسن اقبال کی باتیں نیک شگونی کے علامات نہیں کیونکہ ملک کسی اندرونی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہم نے ہمیشہ جمہوریت ‘ جمہوری اداروں ‘ فوبوں کی خود مختاری اور ہمسایہ ممالک سے اچھے ہمسائیگی اور دوستانہ تعلقات اور متنازعہ ایشوز مذاکرات اور باہمی اعتماد کے میز پر حل کرنے کا موقف اپنایا ہے