سٹیٹ بینک کا پانچ روپے کا نئے سائز اور نئی بھرت کا سک جاری کرنے کا اعلان

منگل 13 اکتوبر 2015 22:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء)اسٹیٹ بینک نے پانچ روپے کا نئے سائز اور نئی بھرت کا سکّہ 15 اکتوبر 2015ء کو جاری کرنے کا اعلان کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان پانچ روپے کا نئے سائز اور تبدیل شدہ بھرت کا سکّہ جاری کرے گا۔ یہ سکّے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ آفسز کے ایکسچینج کاؤنٹرز سے 15 اکتوبر 2015ء سے جاری کیے جائیں گے۔

سکّے کا وزن 3 گرام ہے، اس میں 79 فیصد تانبا، 20 فیصد جست اور ایک فیصد نکل ہے۔ اس کا قطر 18.5 ملی میٹر ہے۔سکّے کے سامنے کے رخ پر وسط میں، بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ کونوں والا ستارہ ہے جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔ ستارے اور ہلال کے اوپر کنارے کے ساتھ ساتھ اردو میں ’’اسلامی جمہوریہ پاکستان‘‘ کندہ ہے۔

(جاری ہے)

ہلال کے نیچے اور گندم کی بالائی طرف خم کھائی ہوئی دو بالیوں کے اوپر عددی صورت میں سنِ اجرا درج ہے۔

سکّے کے پورے کنارے پر چھوٹے دانوں کا دائرہ ہے۔سکّے کا پچھلا رخ دائروی صورت میں پھولوں سے آراستہ ہے، یہ پھول وسط میں موجود ستارے کے پانچوں کونوں پر منقطع ہوتے جاتے ہیں۔ ستارے کے وسط میں سکّے کی عرفی مالیت (face value) کا عدد (5) نمایاں صورت میں اور لفظ ’’روپیہ‘‘ اردو میں کندہ ہے۔ سکّے کے پورے کنارے پر چھوٹے دانوں کا دائرہ ہے۔واضح رہے کہ پانچ روپے کا موجودہ سکّہ بھی قانونی ہے اور نئے سکّے کے ساتھ وہ بھی بدستور گردش میں رہے گا۔