وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے موقع پر ملکی معیشت اور توانائی بارے منصوبوں پر بات چیت ہوگی، اسحاق ڈار

دورہ امریکہ ملکی تاریخ میں ایک نیا باب ثابت ہوگا،حکومت نے معیشت کے ساتھ امن و امان کی صورتحال کو بہتربنانے کیلئے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر بھی توجہ مرکوز کر رکھی ہے، امریکی سفیر سے ملاقات امریکہ پاکستانی معیشت کی بہتری اور توانا ئی منصوبوں میں تعاون جاری رکھے گا،رچرڈ اولسن

منگل 13 اکتوبر 2015 22:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کے دورہ امریکہ کے موقع پر امریکی حکام سے ملکی معیشت اور توانائی بارے منصوبوں پر بات چیت ہوگی،انہوں نے ان خیالات کا اظہار امریکی سفیر رچرڈاولسن سے ملاقات کے دوران کہی،دونوں رہنماؤں ملاقات کے دوران وزیراعظم نوازشریف کے دورہ امریکہ بارے معاملے پر بات چیت کی،اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ امریکہ ملک کی تاریخ میں ایک نیا باب ثابت ہوگا،امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کی معیشت کی بہتری اور توانائی بارے منصوبوں میں تعاون کرنے کا عمل جاری رکھے گا۔

دریں اثناء وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی 103 ویں نیشنل منیجمنٹ کورس کے شرکاء سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ نے معیشت پر شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ حکومت نے کامیابی کے ساتھ معاشی استحکام حاصل کرلیا ہے اور عالمی معاشی اداروں کے ساتھ دوبارہ بات چیت سے معاشی ترقی اور نوکریوں کو پیدا کرنے کے گول کا تعاقب کررہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے معیشت پر فوکس کرنے کے علاوہ امن و امان کی صورتحال کو بہتربنانے کیلئے دہشت گردی کے خلاف توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔

حکومت نے عارضی بے گھر افراد کی بحالی کے مشکل ٹاسک کو بھی اپنے ذمے لے رکھاہے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت دسمبر 2017 ء تک دس ہزارمیگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کرلے گی موجودہ حکومت اپنی مدت میں گروتھ ریٹ کو چھ سے سات فیصد تک اور تعلیم کے لئے بجٹ کو دو سے چار فیصد تک لے جائے گی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ دو سال کے عرصے میں ترقیاتی اخراجات تین سو ارب سے بڑھ کر سات سو ارب تک پہنچے گئے ہیں اور حکومت چاہتی ہے کہ تمام صوبوں کو اس عمل میں لایا جائے ۔ اس موقع پر انہوں نے تمام شرکاء کو کورس کے مکمل کرنے کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ملکی معاشی ترقی اور سماجی ترقی کو بڑھانے میں آپ جیسے لوگوں کا اہم کردار ہے ملاقات میں وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔