لاہور ہائیکورٹ نے اغواء برائے تاوان کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانے والے دو مجرموں کو بری کر دیا

منگل 13 اکتوبر 2015 22:51

لاہور۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے اغواء برائے تاوان کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانے والے دو مجرموں کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں بری کر دیا ۔ جسٹس شاہد حمید ڈار کی سربراہی میں دور کنی بنچ نے مجرم لعل خان اور نصیب خان کی اپیلوں پر سماعت کی۔ ملزمان کے وکیل علی ضیاء باجوہ نے بنچ کو بتایا کہ تھانہ صدر شیخوپورہ نے 2008 میں دونوں کیخلاف ارشد، یوسف اور حسن شاہ کو تاوان کیلئے اغواء کرنے کا مقدمہ درج کیا جس میں ٹرائل کورٹ نے انہیں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

انہوں نے بنچ کو بتایا کہ ٹرائل کورٹ میں مقدمہ جھوٹا ہونے کے ثبوت بھی پیش کئے گئے، ایف آئی آر کے مطابق مغویوں کو اغواء کر کے25 لاکھ روپے تاوان لیا گیا مگر پولیس ان کے قبضے سے چند ہزار کے علاوہ یہ رقم برآمد نہیں کر سکی، ٹرائل کے دوران گواہ بھی جعلی پیش کئے گئے، مدعی، مغوی اور مجرم ایک ہی علاقے کے رہائشی تھے، ٹرائل کورٹ کافیصلہ میرٹ پر نہیں ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیل نے بنچ کو بتایا کہ ٹرائل کورٹ نے ٹھوس گواہوں کے بنیاد پر ہی دونوں مجرموں کو عمر قید کی سزا سنائی ، تاوان کے رقم کے بدلے رہا ہونے والے تینوں مغویوں نے مجرموں کو شناخت کیا۔ فاضل بنچ نے تفصیلی دلائل سننے کے بعد ٹھوس ثبوت نہ ہونے کی بنیاد پر مجرم لعل خان اور نصیب خان کی عمر قید کی سزا کیخلاف اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں بری کرنے کاحکم دیدیا۔