نیب خیبر پختونخوا نے باجوڑ ایجنسی کے عارضی طور پر بے گھر افراد کیلئے ہاؤسنگ یونیفارم اسسٹنس سبسڈی پراجیکٹ کے فنڈز میں خورد برد پر ملزم محمد حسن کو گرفتار کر لیا

منگل 13 اکتوبر 2015 22:50

اسلام آباد ۔13 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا نے باجوڑ ایجنسی کے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کیلئے ہاؤسنگ یونیفارم اسسٹنس سبسڈی پراجیکٹ کے فنڈز میں 40 ملین روپے کی خورد برد میں ملوث پرائیویٹ شخص ملزم محمد حسن کو گرفتار کر لیا ہے۔ نیب کے بیان کے مطابق اس ہاؤسنگ منصوبہ کے تحت فوجی آپریشن کے دوران باجوڑ ایجنسی کے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کو یو ایس ایڈ کے تعاون سے مالی معاونت فراہم کرنا تھا۔

اس منصوبے کے تحت جن لوگوں کے گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے تھے ان کو چار لاکھ روپے اور جن کے گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا تھا ان کو ایک لاکھ 60 ہزار روپے امداد دی گئی۔ اس منصوبے کے تحت باجوڑ ایجنسی کے 10 ہزار متاثرین میں 2 ارب 50 کروڑ روپے تقسیم کئے گئے۔

(جاری ہے)

تفتیش کے دوران نیب کو معلوم ہوا کہ ملزم محمد حسن نے ایف ڈی ایم اے افسران سے ملکر جعلی اور غیر مستحق افراد کو رقوم کی ادائیگیاں کی ہیں۔

بینک ریکارڈ سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ غیر مستحق اور جعلی افراد کیلئے وصول کی گئی رقوم مذکورہ ملزم کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی گئیں۔ ان افراد کے اکاؤنٹس سے مذکوہر ملزم اور ایف ڈی ایم اے کے افسران نے فائدہ اٹھایا۔ تفیتش کے دوران مزید انکشافات کی توقع ہے۔ ملزم محمد حسن کو جسمانی ریمانڈ کیلئے احتساب عدالت پشاور میں پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سابق ڈائریکٹر ایف ڈی ایم اے ارشد خان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف ڈی ایم اے عرفان اللہ پہلے ہی نیب کی حراست میں ہیں۔