پولیو کے خاتمہ بارے فوکل پرسن سینیٹر عائشہ رضا فاروق سے جاپانی پارلیمنٹ کے اراکین پر مشتمل وفد کی ملاقات

منگل 13 اکتوبر 2015 22:49

اسلام آباد ۔13 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) دنیا بھر سے پولیو کے خاتمہ کے سلسلہ میں جاپانی پارلیمنٹ ڈائیٹ کی ٹاسک فورس میں شامل ارکان پارلیمنٹ کے ایک گروپ نے پولیو کے خاتمہ بارے فوکل پرسن سینیٹر عائشہ رضا فاروق سے ملاقات کی جس میں انہوں نے پولیو کے خاتمے بارے پاکستان کے تجربات اور حکومت پاکستان کی پولیوکے خاتمہ کیلئے کی گئی کوششوں سے آگاہی بھی حاصل کی۔

اعلیٰ اختیاراتی جاپانی وفد نے سینیٹر عائشہ رضا فاروق سے ملک سے پولیو کے وائرس کو ختم کرنے کیلئے اٹھائے گئے حالیہ اقدامات بارے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کی فوکل پرسن سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ ہم ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے پولیو کے قطرے پلانے پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے وفد کو پولیو کے خاتمہ کی کوششوں، اقدامات کے پس منظر بارے بتایا۔

انہوں نے جاپانی وفد کو آزادانہ طور پر پولیو کی مانیٹرنگ کرنے والے بورڈ سے متعلق پس منظر کی معلومات بارے بھی بریف کیا۔ سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے جاپانی وفد سے کہا کہ ان کے دورہ سے دونوں ممالک کے بھائی چارے پر مبنی تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔ یہ تعلقات باہمی عزت و احترام، اعتماد، عالمی اور بین الاقوامی امور پر یکساں موقف کے حامل ہیں اور ہم دونوں ممالک 1952ء میں سفارتی تعلقات کے قیام سے بہتر تعلقات سے استفادہ کر رہے ہیں۔

ان دہائیوں میں دونوں ممالک کے عوام کے مابین تعلقات میں اضافہ ہوا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں یہ تعلقات پیار اور محبت بڑھانے کا ذریعہ بنے ہیں۔ جاپان پاکستان کو پولیو کے خاتمے کیلئے 19 سالوں سے ویکسین کی خریداری، کولڈ چین کے قیام اور سماجی آگاہی کیلئے امداد دیتا رہا ہے اور جاپان اب تک پاکستان کو 16 ارب ین تک مالی امداد کے طور پر دے چکا ہے۔

سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے پولیو کے خاتمے کیلئے جاپانی حکومت کی طرف سے فراخدلانہ امداد پر جاپان کی حکومت سے اظہار تشکر بھی کیا۔ پولیو کے خاتمہ بارے وزیراعظم کی فوکل پرسن سینیٹر عائشہ رضا فاروق کے ساتھ ملاقات کے بعد جاپانی وفد نے پولیو بارے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر کا دورہ کیا اس موقع پر پولیو ٹیم کی طرف سے ڈاکٹر رانا محمد صفدر نے وفد کا خیر مقدم کیا اور پولیو وائرس پر قابو پانے کیلئے موجودہ حکمت عملیوں بارے تبادلہ خیال کیا۔

ڈاکٹر رانا محمد صفدر نے جائیکا کے تعاون بارے بھی وفد کو آگاہ کیا۔ جی ایچ کیو کے نمائندہ کرنل امانت نے بھی پاکستان آرمی کے پولیو کے خاتمہ میں بطور ادارہ کردار بارے وفد کو بتایا۔ وفد نے ای پی آئی ویکسین کے سٹورز کا دورہ بھی کیا اور ویکسین سٹورز پر دستیاب اعلیٰ ٹیکنالوجی کی حامل سہولیات اور خدمات کو سراہا۔ جاپانی پارلیمنٹ کے اراکین پر مشتمل وفد نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور ای پی آئی سٹورز کے دورہ کے بعد اسلام آباد میں پولیو کے قطرے پلانے کی قومی مہم کا جائزہ لینے کے سلسلے میں فیلڈ دورہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :