پاکستان میں جمہوری حکومت ہے اور میڈیا آزاد ہے

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کا عالمگیر بین المذاہب امن مشن کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب

منگل 13 اکتوبر 2015 22:49

اسلام آباد ۔13 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ تمام مذاہب محبت اور امن اور بھائی چارے کا درس دیتے ہیں، پاکستان میں جمہوری حکومت ہے اور میڈیا آزاد ہے، دنیا ایک گلوبل ویلج کی شکل اختیار کرچکی ہے، ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر زندگی گزار سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں عالمگیر بین المذاہب امن مشن کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ساری دنیا سے جنگ وجدل اور دہشت گردی کے خاتمے اور امن کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، تمام مذاہب کے نمائندہ لوگوں کو مل کر دنیا میں امن کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے امن کیلئے ڈاکٹر چشتی کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ہندو، سکھ، مسیحی رہنماؤں سمیت روز ٹی وی کے سربراہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور دنیا میں امن کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ دنیا کے موجودہ حالات میں امن کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ سے کبھی مسائل حل نہیں ہوتے، تمام اقوام کو امن کیلئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں، اس سلسلہ میں اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ اس موقع پر علامہ ڈاکٹر چشتی نے کہا کہ انسان کا مضبوط کردار ہی اس کی شخصیت کا آئینہ دار ہوتا ہے اور مسلمانوں کو اپنے اندر اچھے اخلاق اور اوصاف کو سربلند رکھنا چاہئے تاکہ دیگر مذاہب کے لوگ اسلامی تعلیمات سے روشناس ہوتے ہوئے دائرہ اسلام میں داخل ہوں۔

متعلقہ عنوان :