خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ٹوور ڈی گلیات نیشنل سائیکل ریس کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہو گیا

سوئی سدرن گیس کے حبیب الله نے پہلی، ایس ایس جی ای کے اویس نے دوسری اور واپڈا کے نثار نے تیسری پوزیشن حاصل کی

منگل 13 اکتوبر 2015 22:46

ایبٹ آباد۔ 13 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) ٹوورازم کارپوریشن خیبر پختونخوا کے تعاون اور خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ٹوور ڈی گلیات نیشنل سائیکل ریس کا پہلا مرحلہ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا۔ پہلے روز سوئی سدرن گیس کے حبیب الله نے پہلی، ایس ایس جی ای کے اویس نے دوسری اور واپڈا کے نثار نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

سائیکل ریس کا پہلا مرحلہ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد سے ایبٹ آباد تک منعقد ہوا جس کا باضابطہ افتتاح وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ ان کے ہمراہ مشیر وزیراعلیٰ برائے کھیل و سیاحت امجد آفریدی، منیجنگ ڈائریکٹر ٹوورازم کارپوریشن مشتاق احمد خان، ایڈیشنل سیکرٹری محمد طارق، جی ایم ایونٹس محمد علی سید، جنرل منیجر پراپرٹی سجاد حمید، پاکستان سائیکلنگ فیڈیشن کے سیکرٹری سید اظہر علی شاہ، خیبر پختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے عہدیداران صدر نثار احمد، سیکرٹری طیفور زرین، ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق دو روزہ سائیکل ریس کے افتتاحی روز ریس کا آغاز پاکستان سپورٹس بورڈ اسلام آباد سے ہوا جس میں ملک بھر سے 9 ٹیموں کے 78 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ ان میں بلوچستان، فاٹا، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، سندھ، پنجاب، سوئی سدرن گیس، واپڈا، پاکستان آرمی سمیت دیگر شامل ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ریاض حسین پیر زادہ نے کہا کہ سائیکلنگ کی ترقی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، پاکستان میں فیڈریشن جو انٹرنیشنل اولمپک کے ساتھ منسلک ہیں، کو سپورٹ کیا جائے گا اور پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے ساتھ مل کر سائیکلنگ کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

مشیر وزیر اعلیٰ برائے کھیل و سیاحت خیبر پختونخوا امجد آفریدی نے کہاکہ کھیل و سیاحت کی ترقی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، صوبہ میں خواتین کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جبکہ نومبر میں آل پاکستان خواتین شوٹنگ مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ملک میں سپورٹس ایسوسی ایشن کے تنازعہ سے کھیلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جس سے سب سے زیادہ کھلاڑی متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سمیت نئے پروگرام شامل کئے جا رہے ہیں جبکہ تحصیل سطح پر نئے گراؤنڈز کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔