حکومت پنجاب صوبہ میں تعلیمی ترقی پر تمام ممکنہ وسائل خرچ کررہی ہے ‘رانا مشہود احمد خاں

تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات جدید تعلیم سے روشناس ہوکر ملک و قوم کی بہتر طریقے سے خدمت کرسکیں ‘صوبائی وزیر تعلیم

منگل 13 اکتوبر 2015 22:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء ) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبہ میں تعلیمی ترقی پر تمام ممکنہ وسائل خرچ کررہی ہے تاکہ تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات جدید تعلیم سے روشناس ہوکر ملک و قوم کی بہتر طریقے سے خدمت کرسکیں ۔ انہوں نے یہ بات تحصیل جنڈ میں ملالہ یوسف زئی دانش سکول اور دیگر تعلیمی اداروں کے دورے کے موقع پر میڈیا اراکین سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ایم این اے ملک اعتبار خان، ایم پی اے ملک ظفراقبال اورضلعی انتظامیہ ومحکمہ تعلیم کے افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے کہا کہ صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں کی کمپیوٹر لیبز میں جدید ترین کمپیوٹرز فراہم کیے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان اداروں میں انٹر نیٹ ، وائی فائی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ نوجوان نسل جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم حاصل کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ طلبہ کو ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے کھیلوں کو بھی فروغ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر کے تمام کالجز میں جدید کمپیوٹر لیبز بنائی جارہی ہیں ۔ صوبائی وزیر تعلیم نے اس موقع پر ڈی سی او اٹک کو ضلع اٹک کے تاریخی مقامات کے نقشہ جات بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے اس موقع پرملالہ یوسف زئی دانش سکول جنڈ، گورنمنٹ گرلز سکول جنڈ اور بوائز کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

انہوں نے اس موقع پر طلبہ و طالبات سے بھی بات چیت کی۔ بعدا زاں ٹی ایم اے جنڈ میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے انہوں نے ضلع اٹک میں ڈینگی کے خلاف اقدامات کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ ڈینگی سے آگاہی کے لیے تمام تر ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔ا نہوں نے تمام ٹی ایم اوز کو ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں جس جگہ ضرورت ہو وہاں مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے فوگنگ کروائی جائے تاکہ ڈینگی مچھر کا موثر خاتمہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی قائم کی گئی ہے جو ڈینگی کے حوالے سے ہر ہفتہ متعلقہ ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے کی صدارت میں ڈینگی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں سپیشل کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جس میں ضلعی اور تحصیل افسران شامل ہیں جو روزانہ کی بنیادپر ڈینگی سے متعلق اپنے متعلقہ محکموں میں کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کریں گے اور اس سلسلہ میں ایک رپورٹ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکو ارسال کریں گے۔

ڈی سی اوچوہدری حبیب اﷲ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں گھر گھر آگاہی مہم جاری ہے جس میں خواتین کو گھریلو ماحول کو صاف ستھرا اور خشک رکھنے کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں ڈینگی آگاہی کے لیے تحصیل سطح پر سیمینارز ، واکس اور ورکشاپس منعقد کی جارہی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پوری آستینوں والے لباس پہنیں ، گھروں میں کوائلز استعمال کریں ، گملوں وغیرہ میں پانی نہ کھڑا ہونے دیں ۔ فالتو سامان چھت کے نیچے سٹور کریں ۔ بخار کی صورت میں سرکاری شفاخانوں سے رجوع کریں جہاں ڈینگی کی تشخیص اور علاج کی مکمل سہولیات میسر ہیں ۔ گھریلو ٹوٹکوں اور عطائی ڈاکٹروں کے مشوروں پر عمل نہ کریں۔

متعلقہ عنوان :