صاف پانی اور صحت عامہ کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے،تنویر اسلم

کھانا کھانے سے پہلے ہاتھ دھونے کے عمل سے بچے50 فیصد بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں‘عائشہ غوث پاشا آئندہ سالوں میں ہم ترقی پذیر ممالک کی فہرست سے نکل کر ترقی یافتہ ممالک کی صف شامل ہو جائیں گے،صفائی کے عمل کو ہمیں اپنے گھر سے شروع کرنا ہوگا‘ ہینڈ واشنگ ڈے کے موقع پر سیمینا رسے خطاب

منگل 13 اکتوبر 2015 22:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء ) صوبائی وزیر ہاؤسنگ تعمیرات ومواصلات وپبلک ہیلتھ انجینئرنگ ملک تنویر اسلم اعوان نے کہا ہے کہ ترقی پذیر ہونے کی حیثیت سے ہمیں متعدد چیلنجوں کا سامنا ہے جن پر پورا اترنے کے لئے ہمیں مل جل کر پورے عزم اور جذبہ کے ساتھ حکومت کے ساتھ چلنا ہو گا،صاف پانی اور صحت عامہ کی بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سے ہے،جس رفتار سے ہم ترقی کی منازل طے کررہے ہیں،ہمیں یقین ہونا چاہیے کہ آنے والے وقت میں ہم ایک ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑے ہوجائیں گے۔

وہ یہاں ایک مقامی ہوٹل میں ہینڈ واشنگ ڈے کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ کھانے سے پہلے ہاتھ دھونے کی پریکٹس کو سکولوں کی سطح پر شروع کیا جائے اور ہم اس کا دائرہ کار دیہاتوں تک بھی پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ڈائریا جیسی بیماریوں سے روزانہ پانچ سال سے کم عمر 110 بچوں کی اموات واقع ہوتی ہیں۔

ہاتھ دھونے کے مسلسل عمل سے بچے ان بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہائی جین کی اہمیت سے انکار نہیں کر سکتے ہیں کیونکہ ہمارے مذہب میں صفائی کو نصف ایمان قرار دیا گیا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم مشترکہ کوششوں سے اپنی آنے والی نسلوں کو ہائی جین کی اہمیت کے شعور سے اجاگر کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر بچے کھانا کھانے سے پہلے ہاتھ دھونے کی عادت اپنالیں تو 50 فیصد بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔ سیمینار میں ایم پی اے فرزانہ میر اور نوشین حامدنے بھی صفائی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سیمینار میں مختلف کالج اور سکولوں کے طالب علموں نے خاکوں کی مدد سے ہاتھ دھونے کی افادیت کو ڈرامائی انداز میں پیش کیا۔ سیمینار حکومت پنجاب،ورلڈ ایڈ اور یونیسف کے تعاون سے مشترکہ تعاون سے پیش کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :