آئندہ اڑھائی برس میں عوامی خدمت کے مشن کو تحریک کی صورت میں آگے بڑھائیں گے‘شہبازشریف

پنجاب حکومت نے محروم معیشت طبقات کے معیار زندگی میں بہتری لانے کے لئے متعدد فلاحی اقدامات کئے ہیں محنت ،امانت اور دیانت کو شعار بنا لیں تو کوئی پہاڑ بھی منزل کے حصول میں رکاوٹ نہیں بن سکتا‘وزیراعلیٰ پنجاب وزیراعلیٰ سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے اراکین پنجاب اسمبلی کی ملاقات

منگل 13 اکتوبر 2015 22:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا مشن ہے۔آئندہ اڑھائی برس میں عوامی خدمت کے مشن کو تحریک کی صورت میں آگے بڑھائیں گے۔

پنجاب حکومت نے محروم معیشت طبقات کے معیار زندگی میں بہتری لانے کے لئے متعدد فلاحی اقدامات کئے ہیں۔پنجاب حکومت نے تمام سماجی پروگراموں کو ایک چھت تلے یکجا کرنے کے لئے پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی قائم کی ہے۔ انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کی فلاح کے لئے مستقبل میں بھی اقدامات جاری رہیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محنت ،امانت اور دیانت کو شعار بنا کر ملک و قوم کی قسمت بدلی جا سکتی ہے۔

حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے شب وروز کوشاں ہے۔ انشاء اﷲ ہماری مخلصانہ کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ محنت ،امانت اور دیانت کو شعار بنا لیں تو کوئی پہاڑ بھی منزل کے حصول میں رکاوٹ نہیں بن سکتا اور محنت کا راستہ اپنا کر ہم بھی اس منزل پر پہنچ سکتے ہیں جہاں دنیا کی ترقی یافتہ قومیں کھڑی ہیں۔ ملاقات کرنے والوں میں ایم پی ایز آزاد علی تبسم، اصغر منڈا، خرم چٹھہ اور عارف سندھیلہ شامل تھے۔ ایم پی اے منشاء اﷲ بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔