پاکستان اور یورپی یونین کے مابین بہترین اوردوستانہ تعلقات ہیں، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں یورپی یونین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،وزیراعلیٰ شہبازشریف کی یورپی یونین کے نامزد سفیر جین فرانکوس کوٹین سے گفتگو

منگل 13 اکتوبر 2015 22:18

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یورپی یونین کے نامزد سفیر جین فرانکوس کوٹین نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، یورپی یونین کیساتھ معاشی و تجارتی تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یورپی یونین کے نامزد سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے ممالک کے مابین بہترین دوستانہ تعلقات اور تجارتی تعاون موجود ہے۔

تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری میں یورپی یونین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد ملکی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔جین فرانکوس کوٹین نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :