داعش اور القاعدہ جیسی تنظیمیں اسلام کو بدنام کرنے کیلئے کھڑی کی گئی ہیں،سیاستدانوں کی کرپشن،لوٹ مار اور اقرباپروری نے جمہوریت کا تشخص بری طرح مجروح کیا ، کرپشن میں ملوث جماعتوں پر پابندی عائد کی جائے

سربراہ پاکستان سُنّی تحریک محمدثروت اعجازقادری کا پارٹی عہدیداروں کی تربیتی نشست سے خطاب

منگل 13 اکتوبر 2015 22:13

کراچی/لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء ) سربراہ پاکستان سُنّی تحریک محمدثروت اعجازقادری نے کہاہے کہ سیاستدانوں کی کرپشن،لوٹ مار اور اقرباپروری نے جمہوریت کا تشخص بری طرح مجروح کیا ہے، کرپشن میں ملوث جماعتوں پر پابندی عائد کی جائے، پنجاب یا سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیری حربے برداشت نہیں کرینگے ،اسمبلیوں پرقابض لوگ آئین پرعمل کریں توملک کامستقبل سنورجائے، 68 سال میں پاکستان نے کرپشن کے علاوہ کسی چیز میں ترقی نہیں کی،مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے،عوام غربت مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ آ کر خود کشیاں کر رہے ہیں ، نئے نئے ٹیکس لگاکرحکمران عوام کودونوں ہاتھوں سے لوٹ کراپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں اور کوئی ان سے پوچھنے والا نہیں،سیاست اور جمہوریت کو جاگیرداروں ، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے یرغمال بنارکھاہے،ملک پرمسلط ظالمانہ اور استحصالی نظام کیخلاف بلدیاتی انتخابات میں بھرپورحصہ لیں گے ، کارکنان اپنی صفوں میں یکسوئی پیداکریں،سیاست کوکاروباربنانے والوں کاراستہ روکناہوگا،ملک کی تقدیربدلنے کیلئے پڑھے لکھے عام آدمی کومیدان عمل میں آناہوگا ۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو پنجاب بھرکے ڈویژنل اورضلعی عہدیداروں کی تربیتی نشست سے خطاب کر رہے تھے جبکہ تربیتی نشست کا خطاب کراچی اور اسلام آباد کے عہدیداروں نے بھی سنا،ان کاکہناتھاکہ قرآن و سنت آئین کاسپریم لاء ہے،حکومت اورعدلیہ قرآن وسنت کے مطابق فیصلے کریں تو ملک کودرپیش تمام مصائب سے نجات مل جائیگی، لادینی قوتوں کا مقابلہ قرآن وسنت اور عشق نبی سے سرشار ہوکر ہی کیا جاسکتا ہے ، ممتاز قادری عاشق رسول ہے اس کی قانونی اخلاقی ،شرعی حمایت کرتے رہینگے،کلمہ طیبہ کی بنیادپرحاصل کی گئی مملکت میں سیکولرازم اپنے پنجے مضبوط کررہی ہے،ہمارے اکابرین نے اس لیے اپنی جانیں قربان نہیں کی تھیں کہ یہاں انگریز کا نظام رائج کردیا جائے ، ان کہناتھاکہ پاک فوج نے دہشتگردوں کی کمرتوڑ دی ہے، جہاد کو کاروبار بنانے والے اسلام کے باغی اور پاکستان کے غدار ہیں، داعش اور القاعدہ جیسی تنظیمیں اسلام کو بدنام کرنے کیلئے کھڑی کی گئی ہیں۔

اہلسنّت دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ میں پاک فوج کے ساتھ ہیں،جنوبی پنجاب انتہا پسندی اور دہشتگردی کی آماجگاہ بن چکاہے،جنوبی پنجاب میں کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن کیاجائے اور دہشتگردوں کے سرپرستوں اور مالی معاونین پر بھی ہاتھ ڈالا جائے،کراچی آپریشن کو سیاسی مصلحتوں کی نذر نہیں ہوناچاہیے،محرم میں قیام امن کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔