پاسبان کے بلدیاتی امیدواروں نے شاہ بیگ لین، لیاری کے بے گناہ نوجوان کورہائی دلادی

منگل 13 اکتوبر 2015 22:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) پاسبان پاکستان کے نامزد امیدوار بلدیاتی انتخابات برائے حلقہ UC-07شاہ بیگ لین وارڈنمبر 3تاج محمد بلوچ نے علاقے کے بے گناہ نوجوان فاروق جاسم بلوچ کو کلاکوٹ پولیس کی حراست سے رہائی دلادی ۔ پاسبان بلدیاتی الیکشن سیل سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نوجوان فاروق جاسم بلوچ اہل خانہ کے ہمراہ اپنے رشتہ داروں سے ملنے شاہ بیگ لین لیاری آیا ہوا ہے۔

وہ اپنے کزن اور دوستوں کے ہمراہ گلی میں بیٹھا تھا کہ کلاکوٹ تھانے کے چند اہلکار اسے اپنے ساتھ لے گئے جس کی فوری طور پر اطلاع فاروق بلوچ کے اہلخانہ اور علاقہ مکینوں نے پر پاسبان لیاری کے رہنماء اور نامزد امیدوار چیئرمین UC-07شاہ بیگ لین عابدبلوچ اور تاج محمد بلوچ کو دی جس پر تاج محمد بلوچ پاسبان کے دیگر ذمہ داروں کے ہمراہ کلا کوٹ تھانے گئے اورپولیس افسران کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

کلاکوٹ تھانے کے افسران نے فاروق جاسم بلوچ کی بے گناہی پر مطمئن ہونے کے بعد اسے فوری طور پر رہا کردیا جس پر پاسبان کے ذمہ داران نے تعاون کرنے پر پولیس افسران کا شکریہ ادا کیا، بے گناہ نوجوان کی رہائی پر شاہ بیگ لین کے علاقہ مکینوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاسبان لیاری کے رہنماؤں اور نامزد امیدواروں کے کردار کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :