الیکشن کمیشن صاف شفاف الیکشن کو یقینی بنائے،محمد حسین محنتی

منگل 13 اکتوبر 2015 22:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیروناظم انتخابات محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ عوام بلدیاتی انتخابات کا شیڈول کے مطابق انعقاد چاہتے ہیں اگر حکومت نے کسی طور پر تاخیری حربہ استعما ل کیا تو عوام اسے تسلیم نہیں کریں گے، الیکشن کمیشن صاف شفاف الیکشن کو یقینی بنائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے روہڑی میں بلدیاتی امیدوار سلطان احمد لاشاری کے دفتر کے افتتاح اورذمہ داران ایک اجلاس میں کیا، اجلاس میں ضلعی امیر مولانا حزب اﷲ جکھرو، نذیر احمد کمبوہ ، مسعود علی خان، اکبر شیخ سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

محمد حسین محنتی نے مذید کہا کہ حکمراں جماعت تاخیری حربے استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور ہیرا پھیری کے ذریعہ سے اپنے امیدواروں کو بلا مقابلہ منتخب کرانے کیلئے کوشاں ہے تاہم یہ اقدام سیاسی نظام کے لئے دھچکہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس ایک مخلص اور دیانتدار نوجوان قیادت موجود ہے جسے ٹکٹ دیے گئے ہیں، ا ن شاء اﷲ بلدیاتی امیدوار کامیاب ہو کر عوام کے بلدیاتی مسائل کا حل کریں گے اور ملک میں ایک دیانتدار قیادت میسر ہو گی۔