صوبائی حکومت کی نااہلی اور بدعنوانی کی سزا مہاجروں کو مل رہی ہے،مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر

منگل 13 اکتوبر 2015 22:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی ہٹ دھرمی ، نااہلی اور بدعنوانی کی سزا کراچی اور سندھ کے مہاجروں بھگت رہے ہیں، جس کے بعدمہاجروں کے پاس اب اس کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے کہ وہ اپنے صوبے کی جدوجہد کو مزید تیز کردیں۔ کیونکہ دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے سندھی النسل حکمرانوں نے کبھی بھی نہ تو مہاجروں کو تسلیم کیا اور نہ ہی مہاجر حقوق کو ماننے کو تیا رہیں۔

وہ نیوجرسی میں مہاجر دانشوروں ، مہاجر ادیبوں اور صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر بلاول بھٹو زرداری تک مہاجروں کو کبھی کوئی فائدہ نہیں پہنچا بلکہ ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں مہاجروں پر عرصہ حیات تنگ کیا جاتا رہا۔

(جاری ہے)

ان کی املاک کو نیشنلائز کرکے انہیں کوڑی کوڑی کو محتاج کردیاگیا۔

یہی وجہ ہے کہ سندھ کے مہاجروں نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کیخلاف ووٹ کا استعمال کیا لیکن نادان مہاجر دوستوں نے ہمیشہ مہاجروں کی جانب سے ڈالے گئے پیپلزپارٹی کی مخالفت کے ووٹ پر بھی اپنے مفادات کیلئے پیپلزپارٹی کی قیادت کی جھولی میں ڈال دیئے اور بعد میں دہائی دیتے رہے لیکن پھر وقت پڑنے پر غیر مشروط حمایتوں کی نویدیں سنائی گئیں۔ انہوں نے کہاکہ آج بھی مہاجر بے سروسامانی کے عالم میں بند گلی میں کھڑے ہیں ۔

برسہا برس کے تجربے اور دھوکوں کے بعد اب مہاجروں نے یہ طے کرلیا ہے کہ انہیں صرف اور صرف مہاجر صوبہ میں ہی دوائم مل سکتا ہے کیونکہ مہاجر نام پر جتنے مظالم اور ستم کئے گئے ہیں اس کا کوئی مداوا نہیں ہوسکتا سوائے اس کہ کے مہاجر وفاق پاکستان میں رہتے ہوئے اپنے صوبے کی جدوجہد کریں۔علاوہ ازیں ڈاکٹر سلیم حیدر نے MITمیرپورخاص کے رہنما ولی انقلابی کے بھائی دین محمد قریشی کے انتقال پر دکھ اور غم کااظہار کرتے ہوئے ان کے ورثاء سے تعزیت کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ دین محمد قریشی سچے مہاجر دوست انسان تھے اور ان کی قربانیاں تادیر یاد رکھی جائیں گی۔