پیپلز پارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی کا گلستان جوہر میں مٹی کا تودہ گرنے سے جانی نقصان پر افسوس کااظہار

منگل 13 اکتوبر 2015 21:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی ساجد جوکھیو‘جاوید ناگوری اورشمیم ممتاز نے گلستان جوہر میں مٹی کا تودہ گرنے سے 7بچوں سمیت 13 افراد کے جاں بحق ہونے پر دلی صدمے اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے میں اگر کسی گروہ کا ہاتھ ہوگا تو وہ سخت قانونی گرفت اور اپنے منطقی انجام تک ضرور پہنچایا جائیگا۔

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ جن جھگیوں پر مٹی کا تودہ گرا اور اس کے نتیجے میں 13قیمتی انسانی جانیں جائع ہوئیں اس پر دو مختلف افراد کی جانب سے مذکورہ زمین کی ملکیت کے دعوے سامنے آئے ہیں،جبکہ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ مذکورہ سانحہ لینڈ مافیا کی باہمی چپقلش کا شاخسانہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے واقع کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو تفتیش کے احکامات دے دیئے ہیں اور جلد ہی سانحہ سے متعلق درست معلومات حاصل کر لی جائے گی اور اگر مذکورہ سانحہ میں کوئی بھی گروپ یا لینڈ مافیا ملوث پائی گئی تو اس کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا، انہوں نے سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی اظہار ہمدردی کرتے ہوئے مرحومین کے لئیے عائے مغفرت کی۔