تمام واپڈا کمپنیوں کے ملازمین کو ہر سال عید پر ایک اضافی اعزازی تنخواہ دی جائے گی،یکساں کام کرنے والوں کو یکساں ٹائم اسکیل اور الاؤنسزدینے کیلئے طریقہ وضع کیا جائے گا، وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کا آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے وفد سے ملاقات کے دوران

منگل 13 اکتوبر 2015 21:51

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء ) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ واپڈا کی تمام بجلی کمپنیوں کے ملازمین کو ہر سال عید پر ایک اضافی اعزازی تنخواہ دی جائے گی ، محکمہ بجلی کے کارکن بجلی چوری روکنے اور واجبات کی ریکوری کیلئے تندہی سے کام کریں حکومت واپڈا کارکنوں کی مشکلات اور قربانیوں سے آگاہ ہے، یونین کے دیگر مطالبات پر بھی غور کیا جائے گا۔

اس امر کا اظہار وفاقی وزیر پانی و بجلی نے منگل کے روز آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کے مرکزی جنرل سیکرٹری خورشید احمد کی سر براہی میں نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔وفد میں یونین کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی (سندھ)، جوائنٹ صدر حاجی محمد رمضان خان اچکزئی (بلوچستان)، چیئرمین گوہر تاج (خیبر پختونخوا)، آئیسکو کے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ،زونل سیکرٹری حاجی ظاہر گل،رمضان خان جدون، ملک فتح خان، سجاد حسین ساجد(اسلام آباد)، اقبال ڈار، ولی الرحمن (گوجرانوالہ)، رانا غلام جعفر، چوہدری سرفراز (فیصل آباد) سجاد بلوچ (ملتان) اسامہ طارق، رانا شکور، متین ظفر (لاہور) شامل تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران فیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حاجی رشید اسلم، سیکرٹری وزارت پانی و بجلی محمد یونس ڈھاگااور وزارت کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔خورشید احمد نے وفاقی وزیر کو بجلی کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری کے بارے میں یونین کے تحفظات اور کارکنوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان سے مطالبہ کیا کہ واپڈا کارکنوں کوبجلی چوری کے تدارک اور ریکوری جیسے فرائض کی انجام دہی کے دوران سکیورٹی اور تحفظ دیا جائے،واپڈا کی مختلف کمپنیوں میں ایک جیسا کام کرنے والے ملازمین کو یکساں ٹائم اسکیل اور الاؤنسز دئیے جائیں اور تمام جنریشن اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے ملازمین کو بلا امتیاز بطور بونس ایک اضافی اعزازی تنخواہ دی جائے۔

وفاقی وزیر خواجہ آصف نے یونین کے مطالبہ پر تمام واپڈا ملازمین کو ہر سال عید پر ایک اضافی تنخواہ بطور اعزازیہ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ کمپنیوں میں یکساں کام کرنے والے ملازمین کو یکساں ٹائم اسکیل اور الاؤنسز دینے کیلئے یونین کی مشاورت سے طریقہ کار وضع کیا جائے گااور بجلی چوری روکنے اور واجبات کی ریکوری میں اعلیٰ کارککردگی دکھانے والے اور محنتی اور فرض شناس کارکنوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے۔

انہوں نے یونین نمائندگان کو دیگرمطالبات بھی پورے کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ واپڈا کے کارکن اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اور مشکل مقامات پر حادثات کا سامنا کر کے قومی تعمیر و ترقی کے اس سب سے بڑے ادارے کو چلارہے ہیں حکومت ان کے مسائل و مشکلات کو نظر انداز نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کمپنیوں کی نجکاری پر تحفظات اور مطالبات پر اعلیٰ سطحی بات چیت کیلئے یونین قیادت کی وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف سے جلد ملاقات کا انتظام کیا جائے گا۔ خورشید احمد نے یونین نمائندگان سے ملاقات کرنے اور ان کے مطالبات خندہ پیشانی سے سننے پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی واپڈا ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے بہت جلد مثبت پیش رفت ہو گی۔