ملازمت پیشہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے بل پر وفاقی کابینہ میں بحث کی جائے گی

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کو ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی بریفنگ

منگل 13 اکتوبر 2015 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق کو بتایا گیا ہے کہ ملازمت پیشہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے بل پر وفاقی کابینہ میں بحث کی جائے گی، قائمہ کمیٹی کا اجلاس منگل کو سینیٹرمحمد جاوید عباسی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

مذکورہ بل پر بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سہیل اکبر شاہ نے کہا کہ بل کے مندرجات کے حوالے سے تمام تر تفصیلات وزیراعظم کو بھجوا دی گئی تھیں جس پر وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بل کے مندرجات کو زیر بحث لانے کا عندیہ دیاتھا۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ کی سفارشات کے بعد یہ بل واپس وزارت قانون کے پاس آئے گا، لہٰذا کابینہ کی سفارشات سے کمیٹی کو آگاہ کر دیا جائے گا۔ بل کے مندرجات پر بات کرتے ہوئے چیئرمین کمیٹی سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ ملازمت پیشہ خواتین کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے اس بل پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ بعد ازاں سیکرٹری وزارت اوورسیز پاکستانیز خضر حیات خان نے کہا کہ باوجود پرائیویٹ ممبر بل وہ اس بل کی حمایت کرتے ہیں کیونکہ بل کے زیادہ تر مندرجات انٹرنیشنل لیبرآرگنائزیشن کی کنونشن سے متضاد نہیں ہیں