چیف الیکشن کمشنر کا پنجاب میں ضمنی انتخابات کے پر امن اور شفاف انعقاد میں فوج کے کردار پر آرمی چیف کو خراج تحسین

منگل 13 اکتوبر 2015 21:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر) سردار محمد رضا خان نے چیف آف آرمی سٹاف کو 11 اکتوبر کو پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے پر امن اور شفاف انعقاد میں فوج کے کردار پر خراج تحسین پیش کیا اور شکریہ ادا کیا۔ منگل کو الیکشن کمیشن کے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کے پر امن انعقا دمیں پاک فوج کے جوانوں نے الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کے حوالے سے اپنی اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائی ہیں جس کی وجہ سے دیانتدارانہ منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات ممکن ہو سکا۔

چیف الیکشن کمشنر نے پاک آرمی کے منظم کردار کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح پاک آرمی کے آفیسرز اور جوانوں نے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں وہ پوری قوم اور الیکشن کمیشن کے لئے باعث اطمینان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس امر میں کوئی شک نہیں کہ پروفیشنل ازم اور فرائض کے ساتھ لگن پاک فوج کا خاصا ہے جس کا سہرا اس ادارے اور اس کی قیادت کو جاتا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے چیف آف آرمی سٹاف سے کہا کہ وہ ان کے جذبات ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشن اور دیگر متعلقہ ذمہ داران تک پہنچائیں جنہوں نے فوج کی انتخابی ڈیوٹی کے حوالے سے فول پروف انتظامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعاگو ہیں کہ پاکستان آرمی اور آرمی چیف تمام چیلنجز میں فتح یاب ہوں