جامعات تحقیق پر خصوصی توجہ دیں،اردو کا بطور دفتری زبان نفاذ ایک درست فیصلہ ہے،صدرِ مملکت ممنون حسین کی جامعات کو ہدایت

منگل 13 اکتوبر 2015 21:45

اسلام آباد ۔13 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) صدرِ مملکت ممنون حسین نے جامعات کو ہدایت کی ہے کہ وہ تحقیق پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ گذشتہ کئی دہائیوں کے دوران یہ شعبہ توجہ سے محروم رہا ہے، قوموں کی ترقی کا اہم ذریعہ تحقیق ہے۔ صدرِ مملکت نے یہ بات منگل کو وفاقی یونیورسٹیوں اور انسٹی ٹیوٹس کے سربراہوں کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ اردو کا بطور دفتری زبان نفاذ ایک درست فیصلہ ہے۔ ابتداء میں اس سلسلے میں دشواریاں پیش آئیں گی لیکن دنیا میں ان ہی قوموں نے زیادہ ترقی کی جن قوموں نے اپنی زبان کوذریعہ تعلیم بھی بنایا اور سرکاری زبان بھی بنایا۔ اس سلسلے میں یونیورسٹیاں بہتر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ تربیت کے بغیر تعلیم مکمل طورپر سود مند نہیں ہو سکتی اس کیلئے نوجوانوں کواچھا انسان بنانابھی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

صدرِ مملکت نے ہدایت کی کہ دیگر عوامل کے علاوہ کھیل بھی اچھا انسان بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو ہدایت کی کہ اس مقصد کے لیے کھیلوں کے انٹریونیورسٹی ٹورنامنٹ منعقد کرائے جائیں۔ صدرِ مملکت نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستان کی یونیورسٹیاں اپنے محدود وسائل کے باوجود بہتر کارکردگی کا مظاہر ہ کر رہی ہیں۔ اجلاس سے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمداور متعدد وائس چانسلروں نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :