اسلام آباد چیمبر کا اسلام آباد کالج فار بوائز جی سکس تھری کے پارکنگ ایریا کیلئے کنوپی کا تحفہ

منگل 13 اکتوبر 2015 21:35

اسلام آباد ۔13 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اسلام آباد کالج فار بوائز (آئی سی بی) جی سکس تھری کے پارکنگ ایریا کیلئے کنوپی کا تحفہ دیا ہے۔ منگل کو وزیر مملکت کیڈ بیرسٹر عثمان ابراہیم نے اسلام آباد چیمبر کے صدر عاطف اکرام شیخ کے ہمراہ آئی سی بی جی سکس تھری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری کیڈ ملک قیصر مجید بھی موجود تھے۔

عاطف اکرام شیخ نے اس موقع پر کالج کی پارکنگ کے ایریا کیلئے کنوپی کے تحفہ کا اعلان کیا اور کہا کہ اس پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا اور تمام اخراجات اسلام آباد چیمبر آف کامرس برداشت کرے گی۔ وزیر مملکت بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کنوپی کے تحفہ پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے اساتذہ، طلباء اور طلباء کے والدین کو آسانی اور سہولت رہے گی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں وزیر مملکت نے آئی سی بی جی سکس تھری میں ہونے والے نعتیہ مقابلے میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ غیر نصابی سرگرمیاں طلباء کی شخصیت کی تعمیر کیلئے ضروری ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم نے نجی سکولوں کی جانب سے فیسوں میں بلا جواز اضافے کا سخت نوٹس لیا ہے۔ وزارت کیڈ نے اس سلسلے میں تمام نجی سکولوں کو فیسوں میں اضافہ واپس لینے کے نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نجی سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کے والدین کی پریشانی سے آگاہ ہیں اور حکومت ان کو بے یارومددگار نہیں چھوڑے گی۔

متعلقہ عنوان :