میٹروبس منصوبے پرکام جاری، 2043پا ئلزمکمل

منگل 13 اکتوبر 2015 21:25

ملتان۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) میٹرو بس پراجیکٹ پر ترقیاتی کام برق رفتاری کے ساتھ جاری ہے اور میٹرو اسٹیشنز کے ڈیزائن کی ڈرائنگ فائنل کر لی گئی ہے۔منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت کے اعدادو شمار کے مطابق مجموعی طور پر 2460پائلز کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس میں سے 2043مکمل کر لی گئی ہیں۔اس طرح 521میں سے371پلرز تعمیر کر لئے گئے ہیں جن میں سے 233پلرز گرڈر رکھنے جانے کے لئے تیار ہیں۔

منصوبے کے لئے کل 1852گرڈرز کی ضرورت ہوگی جس میں 1168گرڈرز مختلف مقامات پر لگائے گئے پلانٹس میں تیار کر لئے گئے ہیں۔میٹرو منصوبے کا آن گراؤنڈ ٹریک 6023میٹر پر محیط ہوگا اور اب تک 5223میٹر سڑک کو اکھاڑ کر ایک بہترین شاہراہ تعمیر کرنے کے لئے مختلف مراحل طے کئے جارہے ہیں جس میں سے 3140میٹر سب گریڈ اور 2720میٹر کی سب بیس ڈال دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد اسفالٹ کا مرحلہ شروع ہوگا۔

میٹرو اسٹیشن کے ڈیزائن کی ڈرائنگ بھی تیار کر لی گئی ہے۔یہ اسٹیشنز لاہور اور راولپنڈی،اسلام آباد کے میٹرو اسٹیشنزکے ڈیزائن سے یکسر مختلف ہوں گے اور بارش کے حوالے سے لیک پروف ہوں گے جبکہ شدید گرمی میں ”بس بے“کا ماحول انتہائی خوشگوار رکھنے کے لئے اس میں منفرد قسم کا کولنگ سسٹم نصب کیا جائے گا۔میٹرو اسٹیشنز کا سٹرکچر تیار کرنے والی مختلف شہرت یافتہ کمپنیوں کی جانچ جاری ہے اور ان کے تجربے‘استعداد اور ماضی میں مکمل کئے گئے منصوبوں کی تفصیلات کو مدنظر رکھا جارہا ہے۔