پاکستان اور ترکی دہشت گردی کا شکار ہیں، ایئر چیف مارشل سہیل امان کا بذاتِ خود آپریشنز میں حصہ لینا خوش آئیند ہے

سینیٹر مشاہد حسین کی زیرقیادت سینیٹ دفاع کمیٹی کا پی اے ایف بیس مصحف سرگودھا کا دورہ پاک ترک مشترکہ فضائی مشقوں کا مشاہدہ، ترک پائلٹس سے اظہارِ یکجہتی

منگل 13 اکتوبر 2015 20:51

اسلام آباد /سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) سینیٹ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے پاکستان اور برادر دوست ملک ترکی کے مابین دفاعی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک دہشت گردی کا شکار ہیں، ترکی میں حالیہ بزدلانہ حملہ انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سینیٹ دفاعی کمیٹی کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان ایئرفورس بیس مصحف سرگودھا کے دورے کے دوران ترک پائلٹس سے گفتگو میں کیا، پاکستان اور ترکی کی مشترکہ فضائی مشقوں کا مشاہدہ کرنے کیلئے آمد پرسرگودھاایئربیس آمد پر ایئر وائس مارشل جواد اور ایئرآفیسر کمانڈنگ اینڈایئر کموڈر عامر کی جانب سے سینیٹ وفد کا پرجوش خیرمقدم کیا گیا۔

اس موقع پر وفد کو پاکستان ایئرفورس کی جانب سے دہشت گردی کے عفریت پر قابو پانے کیلئے مختلف اقدامات پر بریفنگ دی گئی، سینیٹر مشاہد حسین نے پی اے ایف کی ملکی سالمیت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کو دفاعِ وطن کیلئے کلیدی نوعیت کا قرار دیا، سینیٹر مشاہد کا کہنا تھا کہ ایئرچیف مارشل سہیل امان کی جانب سے انسدادِ دہشت گردی کیلئے بذاتِ خود آپریشنز میں حصہ لینا خوش آئیند ہے،اس موقع پر انہوں نے جنگ ستمبر اوراکہتر کی جنگ کے تناظر میں ایئر فورس کے سربراہان ایئر مارشل اصغرخان، نورخان، ذوالفقارعلی خان کی اعلیٰ خدمات کواحسن الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ۔

(جاری ہے)

ایئربیس مصحف پر موجود ترک پائلٹس سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد نے کہا کہ پاکستان اور ترکی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح حاصل کرنے کیلئے باہمی طور پر کوشاں ہیں، انہوں نے جدید ترکی کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے حوالے سے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے عقیدت مندانہ جذبات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی سامراج کو شکست دینے میں اتاترک کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، 1938؁ء میں اتاترک کے انتقال کی خبر ملنے پر قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے یوم سوگ کا اعلان کیاتھا۔

اس موقع پر سینیٹر مشاہد کی قیادت میں سینٹ دفاع کمیٹی کے وفد نے پاکستان اور ترکی کی فضائیہ کے مابین مشترکہ فضائی مشقوں کا مشاہدہ کرتے ہوئے ترک اور پاکستانی پائلٹس کا حوصلہ بلند کیا، وفد میں سینیٹر فرحت اﷲ بابر،سینیٹر بریگیڈیئر (ر) جان کینتھ ولیمز، سینیٹر ہدایت اﷲ، سینیٹر جاوید عباسی اور سینیٹر سحر کامران شامل تھے۔