پیپلز پارٹی جہد مسلسل کا نام ہے ‘ضمنی انتخابات میں ہمارے باہمت امیدواروں نے نتائج کی پرواہ کیے بغیر الیکشن میں حصہ لیا ‘ ہارجیت میدان میں لڑنے والوں کو ہی ہوتی ہے ‘پارٹی سے بے وفائی کرنے والوں کے ساتھ ایسا ہی ہوتا ہے جیسا اشرف سوہنا کے ساتھ ہوا شکست انکا مقدر بن جاتی ہے

پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد خاں وٹو کی شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت

منگل 13 اکتوبر 2015 20:47

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد خاں وٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جہد مسلسل کا نام ہے ضمنی انتخابات میں ہمارے باہمت امیدواروں نے نتائج کی پرواہ کیے بغیر الیکشن میں حصہ لیا کیونکہ ہارجیت میدان میں لڑنے والوں کو ہی ہوتی ہے ،اس سوال پر کہ ’’اشرف سوہنا نے پی پی پی چھوڑ کر پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا‘‘ میاں منظور وٹو نے کہا کہ میں اس بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتا فقط انتا کہوں گا کہ پارٹی سے بے وفائی کرنے والوں کے ساتھ ایسا ہی ہوتا ہے اور شکست انکا مقدر بن جاتی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حجرہ شاہ مقیم کے گاؤں قادر آباد میں پی پی پی کے مقتول راہنما ملک محمد اسلم چنا کی رسم قل اور بعد ازاں جلو جھگیاں حجرہ میں چوہدری محمد رمضان کے یہاں شادی کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ موجوہ حکمرانوں نے غیر جمہوری قوتوں کے کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار پر قبضہ کیا ہے ،پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت اور بلا شبہ تمام صوبوں کی مرکزی پارٹی ہے اور ہم سب بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں متحد ہیں جو پنجاب میں بیٹھ کر پارٹی معاملات چلائیں گے اور پنجاب میں آئندہ حکومت پی پی پی کی ہو گی ،انہوں نے کہا کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں اوکاڑہ سے مہر عبدالستار نے آزاد الیکشن لڑا جنہوں نے ہمارے ساتھ سابقہ الیکشن میں 34000ووٹ حاصل کیے تھے اسی طرح دیگر لوگ پارٹی سے بے وفائی کر گئے جس سے ہمارے امیدواروں کے ہارنے کا تاثر پھیل گیا اور لوگ ایسی صورتحال میں ساتھ کب دیتے ہیں،اس الیکشن میں کسانوں نے حکومتی امیدواروں کو ووٹ نہیں دیئے کیونکہ اس تاجر حکومت نے کسانوں کے منہ سے ایک ایک لقمہ تک چھین لیا ہے اور کسان اپنے حقوق کی جدہ جہد کر رہے ہیں جس میں ہم کسانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔