ٹیکس معاملات میں تارکین وطن کی معاونت کے لئے ایف بی آر میں فوکل پرسن کی نامزدگی کا فیصلہ

فیصلہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی کے درمیان اجلاس کے دوران کیا گیا افضال بھٹی نے وزیر خزانہ کو تارکین وطن کے مسائل کے حل کے لیے اوورسیز پاکستانیزکمیشن کی کاوشوں سے آگاہ کیا

منگل 13 اکتوبر 2015 20:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء ) اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی درخواست پر منسٹری آف فنانس حکومت پاکستان نے ٹیکس معاملات میں تارکین وطن کی معاونت کے لئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں فوکل پرسن کی نامزدگی کا فیصلہ کیا ہے - اس حوالے سے فیصلہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی کے درمیان اسلام آباد میں ایک اجلاس کے دوران کیا گیا- کمشنر اوورسیز پاکستانیزکمیشن پنجاب افضال بھٹی نے وفاقی وزیر خزانہ کو تارکین وطن کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ٹیکس معاملات کے حوالے سے تارکین وطن اور ان کے خاندانوں کی سہولت اور انہیں اس ضمن میں معلومات فراہم کرنے کے لئے فیڈرل بورڈ آف ریوینو میں فوکل پرسن کی نامزدگی کی درخواست کی -وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے یقین دلایا کہ اس ضمن میں فوکل پرسن کی نامزدگی جلد کر دی جائے گی-وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہاکہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن تارکین وطن کی فلاح وبہبود کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کرے تاکہ اگلے بجٹ سے قبل ان پر غوروخوض مکمل کیاجاسکے -کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی نے وفاقی وزیر خزانہ کو تارکین وطن کے مسائل کے حل کے لیے کمیشن کی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا-ڈائریکٹر جنرل اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب خواجہ داؤد ، اسسٹنٹ کمشنر شبیراحمد ڈوگر اور وزارت خزانہ کے حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے -