شریف برادران خود12اکتوبرکوآوازدی تھی‘ماضی کی طرح آج بھی سیاسی شہادت ان کے نصیب میں نہیں ہے‘ 12 اکتوبر پاکستان اورپاکستانیوں کیلئے یوم نجات تھا‘12اکتوبر کی شام کولاہوربھرمیں مٹھائی ختم ہوگئی تھی،لوگ مسلسل کئی روزتک جشن مناتے رہے‘لاہورکے عوام نے جاتی امراء ریاست کے’’مغل اعظم‘‘کیخلاف علم بغاوت بلندکردیا ہے

آل پاکستان مسلم لیگ یورپ وبرطانیہ کے مرکزی چیف ایڈوائزر چودھری محمدالطاف شاہدکا استقبالیہ تقریب سے خطاب

منگل 13 اکتوبر 2015 20:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء ) آل پاکستان مسلم لیگ یورپ وبرطانیہ کے مرکزی چیف ایڈوائزر چودھری محمدالطاف شاہدنے کہا ہے کہ شریف برادران خود 12 اکتوبر کو آواز دی تھی ،آج بھی ان کی روش نہیں بدلی۔ماضی کی طرح آج بھی سیاسی شہادت ان کے نصیب میں نہیں ہے۔ لاہورکے عوام نے جاتی امراء ریاست کے''مغل اعظم ''کیخلاف علم بغاوت بلندکردیا۔

12اکتوبرپاکستان اورپاکستانیوں کیلئے یوم نجات تھا۔12اکتوبر کی شام کولاہوربھرمیں مٹھائی ختم ہوگئی تھی،لوگ مسلسل کئی روزتک جشن مناتے رہے۔سابق صدرمملکت اورجنرل (ر)پرویز مشرف بدعنوان حکومت کیخلاف12اکتوبر کے اقدام پرمجبورکرد یے گئے تھے۔ پرویز مشرف کونجات دہندہ قراردیتے ہوئے ان کی اقتدارمیں آمدپرپاکستان سمیت دنیا بھرمیں اوورسیزپاکستانیوں کے زیراہتمام جشن منایا گیاتھا۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف کے سات نکاتی ایجنڈے کی صورت میں پاکستان کودرست سمت ملی اورملک میں ریکارڈترقی ہوئی ۔وہ اے پی ایم ایل لیڈیزونگ کی طرف سے اپنے اعزازمیں ایک استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے ۔چودھری محمدالطاف شاہدنے مزید کہا کہ اوکاڑہ کے حلقہ این اے144اورپی پی 147سے حکمران جماعت کے امیدواروں کی بدترین شکست جبکہ این اے122سے سردارایازصادق کوسپیکرقومی اسمبلی نامزدکرنے کے باوجودلیڈمیں نمایاں کمی عوام کی نوازحکومت سے نفرت کاشاخسانہ ہے۔

حکمران جماعت کے لوگ سردارایازصادق کی جیت کا جشن منانے کی بجائے دوحلقوں میں شکست فاش پر شرم سے ڈوب مریں۔انہوں نے کہا کہ عوام نے نوازحکومت کی اصلاحات اورترجیحات کومستردکردیا ۔اگرآج عام انتخابات ہوں اوران میں دھاندلی نہ ہوتولاہورسمیت ملک بھرسے حکمران جماعت کی سیاست کاجنازہ اٹھ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکمران مانیں یانہ مانیں تخت لاہورکادھڑن تختہ ہوگیا ہے۔پی پی147کے باشعورعوام نے بیگم کلثوم نواز کے بھتیجے محسن لطیف کوہراکر موروثی سیاست کاتابوت راوی بردکردیا ۔