صدرِ ممنون حسین کی جامعات کو تحقیق پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت

منگل 13 اکتوبر 2015 20:44

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء ) صدرِ مملکت ممنون حسین نے جامعات کو ہدایت کی ہے کہ وہ تحقیق پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ گذشتہ کئی دہائیوں کے دوران یہ شعبہ توجہ سے محروم رہاہے۔قوموں کی ترقی کا اہم ذریعہ تحقیق ہے۔صدرِ مملکت نے یہ بات وفاقی یونیورسٹیوں اور انسٹی ٹیوٹس کے سربراہوں کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ اْردو کانفاز بطور دفتری زبان ایک درست فیصلہ ہے۔

ابتداء میں اس سلسلے میں دشواریاں پیش آئیں گی لیکن دنیا میں ان ہی قوموں نے زیادہ ترقی کی جن قوموں نے اپنی زبان کوذریعہ تعلیم بھی بنایا اور سرکاری زبان بھی بنایا۔ اس سلسلے میں یونیورسٹیاں بہتر کردار ادا کرسکتی ہیں۔صدرِ مملکت نے کہا کہ تربیت کے بغیر تعلیم مکمل طورپر سود مند نہیں ہو سکتی اس کے لیے نوجوانوں کواچھا انسان بنانابھی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

صدرِ مملکت نے ہدایت کی کہ دیگر عوامل کے علاوہ کھیل بھی اچھا انسان بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو ہدایت کی کہ اس مقصد کے لیے کھیلوں کے انٹریونیورسٹی ٹورنامنٹ منعقد کرائے جائیں۔ صدرِ مملکت نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستان کی یونیورسٹیاں اپنے محدود وسائل کے باوجود بہتر کارکردگی کا مظاہر ہ کر رہی ہیں۔ اجلاس سے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمداور متعدد وائس چانسلروں نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :