ایف پی سی سی آئی کے نائب صدرحمید اختر چڈھا کی ایاز صادق کی کامیابی پر مبارک باد

سسٹم کو اب چلنے دیا جائے ، الزامات کی بجائے مل جل کر عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا جائے،بیان

منگل 13 اکتوبر 2015 20:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر زآف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدرحمید اختر چڈھا نے این اے 122سے سردار ایاز صادق کی کامیابی پر دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سسٹم کو اب چلنے دیا جائے اور الزامات کی بجائے مل جل کر عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک آئے روز حکومتیں گرانے اور بنانے کا متحمل نہیں ہو سکتا اس سے بیرونی سرمایہ کاری پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین کی 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے معاشی انقلاب برپا ہو گا،توانائی،زراعت،انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ سمیت بہت سے شعبوں میں چین کا تعاون کی اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔حمید اختر نے مزید کہا کہ بھکھی پاور پراجیکٹ ایک شاندار منصوبہ ہے ،بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کیلئے یہ منصوبہ اہم حیثیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت پنجاب مستحسن انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور امید ہے کہ 2017کے اختتام تک بجلی بحرانوں پر قابو پا لیا جائے گا۔

انہوں نے ود ہولڈنگ ٹیکس سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کوٹیکس کا معاملہ کاروباری برادری سے مشاورت و مفاہمت کے ساتھ حل کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس کی ادائیگی اور وصولی ایک اہم ترین قومی فریضہ ہے جس کو جلد از جلد مفاہمت کے ساتھ حل کرنا چاہیے۔نائب صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ تاجروں سے ٹیکس کی وصولی کے اقدامات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے جس کیلئے حکومت اور تاجرایک پلیٹ فارم پر آ کر مفاہمت کے ساتھ کوئی قابل عمل فارمولا بنائے جائے۔

حمیداختر نے حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری ہماری معیشت کا اہم جز ہے جس کے بغیر کاروبار کرنا ناممکن ہے اور ہمارے ملک کی معیشت تاجروں کے کردار کے بغیر ترقی ناممکن ہے،انہوں نے مزید کہا کہ ایف پی سی سی آئی کی قیادت اس مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار اد اکرنے میں مصروف ہے اور اپنا مزید قومی کردار کرنے کیلئے تیار ہے۔انہوں نے کہاکہ میں نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بھی گزارش کی ہے کہ مفاہمت کے ساتھ ایسا حل نکالا جائے جس میں تاجروں کوسہولت دی جائے اور مرحلہ وار ٹیکس نیٹ کے سسٹم کو بہتر بنایا جائے تاکہ تاجر برادری آسانی سے ٹیکس نیٹ میں آ سکے۔

متعلقہ عنوان :