Live Updates

ضمنی انتخابات میں (ن) کا شیر اپنے ہی دو امیدواروں کو ہڑپ کر گیا ،تیسرا بمشکل جان بچاسکا ‘ پی ٹی آئی پنجاب

انصاف نہ ملنے اور غربت کے باعث خود کشیاں(ن) لیگ کی حکومت کا ”ٹریڈ مارک “ہے ‘ جمشید چیمہ کی میڈیا سے گفتگو

منگل 13 اکتوبر 2015 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) تحریک انصاف پنجاب میڈیا ٹاسک فورس کے کنوینر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ انصاف نہ ملنے اور غربت کے باعث خود کشیاں(ن) لیگ کی حکومت کا ”ٹریڈ مارک “ہے ،ضمنی انتخابات میں (ن) لیگ کا شیر اپنے ہی دو امیدواروں کو ہڑپ کر گیا جبکہ تیسرا امیدوار بمشکل خود کو بچانے میں کامیاب ہوا ، عمران خان کا موقف درست ثابت ہو چکا ہے کہ (ن) لیگ والے امپائرز کو ساتھ ملائے بغیر میدان میں نہیں اترتے اور این اے 122میں ووٹر لسٹوں میں ہیر پھیر اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پارٹی دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے مظفر گڑھ میں پولیس کو شکایت کے باوجود انصاف نہ ملنے پر لڑکی کی خود سوزی کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات روزکا معمول بن چکے ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے سب اچھا کی رپورٹ دے رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انصاف نہ ملنے اور غربت کے باعث خودکشیاں موجودہ حکومت کا ”ٹریڈ مارک “بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں ملک میں قانون و انصاف کی حکمرانی کی جدوجہد کر رہی ہے انشا اللہ ایک دن اس ملک میں حق اور سچ کا نظام قائم کر کے دکھائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر ذی شعور شہری ضمنی انتخابات کو پاکستان تحریک انصاف کی فتح قرار دے رہا ہے لیکن حکومت کے لوگ بجائے شرمندگی کے جشن منا رہے ہیں لیکن ان کے جشن کی دھول میں حقائق کو نہیں چھپایا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں ووٹر لسٹوں میں ہیر پھیر کے بہت سے ثبوت مل چکے ہیں جنہیں مرتب کرنے کے بعد جلد آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ بلدیاتی انتخابات کے لئے ہماری تیاریاں جاری ہیں انشا اللہ ضمنی انتخابات کی طرح ان میں بھی حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے اور سرکاری مشینری اور وسائل کو شکست دیتے ہوئے بھرپور کامیابی حاصل کریں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :