اسلام آباد ہائیکورٹ،آصف زرداری کرپشن کیسز میں بریت کیخلاف درخواست کی سماعت

گواہ کی موجودگی کے باوجود نیب بیان ریکارڈ نہ کرسکاہے، اس کو چمتکار کہتے ہیں،عدالت

منگل 13 اکتوبر 2015 20:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری کی کرپشن کیسز میں بریت کیخلاف دائر کیس میں قرار دیا ہے کہ گواہ کی موجودگی کے باوجود نیب بیان ریکارڈ نہ کرسکاہے، گزشتہ روز جسٹس نور الحق قریشی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے نیب کی جانب سے دائر کیس کی سماعت کی نیب پراسکیوٹر چوہدری ریاض نے عدالت میں پیش ہوکر موقف اختیار کیا کہ سابق ڈپٹی چیئرمین نیب حسن وسیم افضل نے وعدہ کیا تھا کہ وہ بطور گواہ اپنا بیان ریکارڈ کروائینگے لیکن ان کا بیان ریکارڈ نہیں کیا جاسکا اس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ گواہ آپ کے پاس تھا لیکن آپ اس کا بیان ریکارڈ نہیں کرسکے اس کو چمتکار کہتے ہیں نیب پراسکیوٹر نے کہا کہ ایف آئی کے تفتیشی آفیسر محمد اقبال قاسم کو بیان ریکارڈ کروانا چاہیے تھا لہذا عدالت ہمیں ثبوت پیش کرنے کیلئے وقت دے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی