اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے انگریزی میں خطاب، وزیراعظم نواز شریف کیخلاف سپریم کورٹ میں دوسری توہین عدالت کی درخواست دائر

منگل 13 اکتوبر 2015 19:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے انگریزی میں خطاب، وزیراعظم محمد نواز شریف کیخلاف سپریم کورٹ میں دوسری توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ۔ راولپنڈی کے شہر میاں زاہد غنی نے درخواست دائر کی ہے جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ نے اردو کے حوالے سے ایک تاریخ ساز فیصلہ دیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اب تمام سرکاری ادارے صدر ، وزیراعظم اردو میں خطاب کرینگے ۔

بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اکیس مارچ 1948ء کو جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ اردو پاکستان کی قومی زبان ہے یہ ملک کے ہر خطے میں بولی اور سمجھی جاتی ہے آئین کے آرٹیکل 251 کی تشریح کے مطابق قائداعظم محمد علی جناح نے واضح طور پر کہا تھا کہک میں بتا دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان کی سرکاری زبان اردو اور صرف اردو ہوگی جو شخص کسی کو غلط راہ پر ڈالتا ہے وہ پاکستان کا دشمن ہے ۔

(جاری ہے)

سائل کی استدعا یہ ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود نواز شریف نے انگریزی میں خطاب کیا جبکہ مختلف ممالک کے سربراہان نے انگریزی میں نہیں بلکہ اپنی قومی زبان میں اقوام متحدہ کے 70ویں جنرل اسمبلی اجلاس میں خطابات کئے خطابات کرنے والوں میں کئی ممالک شامل ہیں میاں نواز شریف نے انگریزی میں خطاب کرکے توہین عدالت کی ہے لہذا ان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے اس سے قبل ایک درخواست پہلے ہی سپریم کورٹ میں دائر ہے جو محمود اختر نقوی نے دائر کی تھی امکان ہے کہ دونوں درخواستوں کو اگلے ہفتے اکٹھا کرکے ان کی سماعت کی جائے گی