تمام مکاتب فکر محبت ، رواداری اور افہام و تفہم کی فضا ء کیلئے خلوص دل سے کوششیں کریں،پیر امین الحسنات

علماء اکرام کا کردار بہت اہم ،ایک دوسرے کے مسالک کے اکابرین کا احترام کیا جائے، وزیر مملکت کا علماء کے اجلاس سے خطاب

منگل 13 اکتوبر 2015 19:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء)وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر امین الحسنات نے کہا ہے کہ تمام مکاتب فکراپنے درمیان محبت ، رواداری اور افہام و تفہم کی فضا قائم کرنے کیلئے خلوص دل سے کوششیں کریں۔ اس حوالے سے علماء اکرام کا کردار بہت اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار یہاں انہوں نے محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ علماء کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ملک میں امن اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے بین المسالک کے حوالے سے قائم کی گئی کمیٹی کا اجلاس باقائدگی سے بلایا جائے گا۔اجلاس کے شرکاء نے ایک اعلامیہ پر اتفاق کیا جس میں کہا گیا کہ ایک دوسرے کے مسالک کے اکابرین کا احترام کیا جائے گا۔علماء خطباء اور مصنفین اپنی تقریروں میں توازن و اعتدال پیدا کریں گے اور ایسے اشتعال انگیز بیانات اور تحریروں سے احتراز کریں گے جن سے دوسروں کی دل آزاری ہو سکتی ہو۔

(جاری ہے)

مسلکی تنازعات کو باہم مشاورت ، افہام و تفہیم اور سنجیدہ مکالمے کے اصولوں کی روشنی میں طے کریں گے ۔پبلک پلیٹ فارم سے اپنے مخالفین کے خلاف طعن و تشنیع سے مکمل اجتناب کیا جائے گا۔امہات المومنین ، صحابہ کرام، اہل بیت و اطہار، اولیائے کرام، تابعین، تبع تابعین اور تمام مسلمانوں کا ادب و احترام ملحوظ رکھا جائے گااور ان میں سے کسی کو بھی تنقید کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔

قومی اور ملکی حالات و معاملات میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام متفق و متحد رہیں گے۔ علماء کرام اور مشائخ عظام نے صوبائی حکومتوں سے بھی اپیل کی کہ اس طرح کے اجلاس صوبائی اور ضلعی سطح پر بھی منعقد کیے جائیں۔اجلاس سے پیر چراغ الدین ، مولانا عبدالعزیز حنیف ، عارف واحدی ،سید عارف شیرازی اور سجاد نقوی سمیت مختلف علماء کرام نے بھی خطاب کیا ۔اور بین المسالک ہم آہنگی کی فروغ کے لئے حکومتی کوششوں کو سراہا