نظریاتی کارکنوں نے ضمنی انتخابات میں پارٹی کے حمایت یافتہ امیدوار وں سے لا تعلقی کر کے اپنا فیصلہ سنا دیا ‘ سردار حُر بخاری

ضمنی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی عبرتناک شکست کا نوٹس لینے والے اپنا احتساب کریں ‘ پی پی ورکرز کے عہدیداروں سے گفتگو

منگل 13 اکتوبر 2015 19:45

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء )پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سردار حُر بخاری نے کہا ہے کہ نظریاتی کارکنوں نے ضمنی انتخابات میں پارٹی کے حمایت یافتہ امیدوار وں سے لا تعلقی کر کے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اب نام نہاد قیادت کو اپنا فیصلہ لینے میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے ،ضمنی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی عبرتناک شکست کا نوٹس لینے والے اپنا احتساب کریں ، بینظیر بھٹو شہید کے بعد ہونیوالے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کا کہیں نام و نشان نہ ملنا لمحہ فکریہ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ وحدت روڈ پر پیپلز پارٹی ورکرز کے عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر صفدر عباسی کی ہدایت پر پیپلزپارٹی ورکرز کے کارکنوں نے سردار ایاز صادق کو ووٹ دے کر ان کی کامیابی میں کردار ادا کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی عبرتناک شکست کا نوٹس لینے والے اپنا احتساب کریں ، انہیں اپنی پالیسیوں اور اقدامات پر غور کرتے ہوئے اپنے خلاف نوٹس لینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ضمنی انتخابات میں پارٹی کے حمایت یافتہ امیدوار سے لا تعلقی کر کے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اب نام نہاد قیادت کو اپنا فیصلہ لینے میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے ۔