اسرائیل،بس پر حملے سمیت تشدد کے واقعات میں 3 اسرائیلی شہری ہلاک ، متعدد زخمی

یروشلم میں بس میں 2 افراد نے فائرنگ کی اور مسافروں پر چاقو سے حملہ کیا، واقعے میں 16 زخمی ہوئے ،8 کی حالت تشویش ناک ہے،پولیس نے حملہ آوروں کو گولی مار دی

منگل 13 اکتوبر 2015 19:16

اسرائیل،بس پر حملے سمیت تشدد کے واقعات میں 3 اسرائیلی شہری ہلاک ، متعدد ..

یروشلم(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) اسرائیل میں ایک بس پر حملے سمیت تشدد کے واقعات میں 3 اسرائیلی شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یروشلم اور وسطی اسرائیل میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک بس پر حملے سمیت تشدد کے واقعات میں کم از کم تین اسرائیلی شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔اسرائیل کی ایمبولنس سروس کے مطابق یروشلم میں ایک بس میں 2 افراد نے فائرنگ کی اور مسافروں پر چاقو سے حملہ کیا۔

حکام کے مطابق اس واقعے میں کم از کم 16 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے8 کی حالت تشویش ناک ہے۔اس کے علاوہ یروشلم کے ایک بس سٹینڈ پر چاقو سے حملہ کرنے والے شخص کو پولیس نے گولی مار دی ہے۔ اس حملے میں میں 3 افراد زخمی جبکہ شمالی اسرائیل کے علاقے رانانا میں 2 افراد زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

بس پر حملے کے فوری بعد پولیس نے حملہ آوروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔تل ابیب کے شمالی میں واقع علاقے رعنانا میں ایک فلسطینی شہری نے ایک اسرائیلی شخص پر چاقو سے حملہ کیا جس میں اسرائیلی شہری معمولی زخمی ہو گیا جبکہ حملہ آور کو پکڑ لیا گیا اور اطلاعات کے مطابق قریب سے گزرنے والے افراد نے اس پر تشدد بھی کیا۔

رعنانا ہی میں پیش آنے والے ایک اور واقعے میں ایک شخص نے ایک اسرائیلی خاتون پر چاقو سے حملہ کر کے اس کو زخمی کر دیا۔حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تاہم بعد میں اسے گرفتار کر لیا گیا۔تشدد کی حالیہ لہر گذشتہ ماہ شروع ہوئی تھی اور اس میں سب سے زیادہ جھڑپیں مقبوضہ بیت المقدس اور اس اطراف میں میں ہوئی ہیں۔