وزیر اعظم آزادکشمیر کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں،پلندری بیترں ،تنگی گلہ تاگریٹاپار سڑک کی تعمیر سے علاقے میں خوشحالی آئے گی، و فاقی وزیر اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر کا آزادجموں کشمیر کونسل کی ایگزیکٹو ڈو یلپمنٹ کمیٹی سے خطاب

منگل 13 اکتوبر 2015 19:15

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء ) گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ حکومت بڑی دلجمعی اور مستعدی سے آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہے ۔ وہ منگل کو آزادجموں وکشمیر کونسل کی ایگزیکٹو ڈو یلپمنٹ کمیٹی کے مالیاتی سال 2015-16 کے پہلے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

اجلاس میں سیکرٹری کشمیر افیر و انچارج آزادجموں وکشمیر کونسل عابد سعید ،ایڈیشنل سیکرٹری آزادکشمیر کونسل عامر اشرف خواجہ، سیئنر وزیر آزادکشمیر حکومت چوہدری محمد یسین ،وزیر مواصلاتو و رکس آزادکشمیر حکومت چوہدر ی محمد رشید و دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف آزادکشمیر کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور اس کا واضح ثبوت آزادکشمیر کے لیے اعلان کردہ اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کی ترقی کے بغیر پاکستان کی ترقی نہ مکمل ہے۔ ایگزیکٹو ڈو یلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں آزادکشمیر کے ضلع سندھوتی میں70کروڑ روپے مالیت کی پلندری ،بیتراں گلہ تا گریٹا پار سڑک کی منظوری دی گئی ۔یہ سڑک تقریباً 70 کروڑ کی مالیت سے 36 ماہ کی مدت میں تیار کی جائے گی اور اس سے علاقے کے تقریباً ڈیڑھ لاکھ رہائشی مستفید ہوں گے ۔

اس کے علاوہ یہ سڑک دفاعی لحاظ سے بھی اہمیت کی حامل ہے اور اس کی تعمیر سے علاقے میں سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہو گا جس سے اس علاقے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر سے متعلقہ شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور کوالٹی کے لحاظ سے کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔

اُنہوں نے کہا کہ موسمی تغیرات کو مدنظر رکھتے ہوئے سڑک کی تعمیر کی جائے تاکہ یہ تمام موسموں میں کارآمد ثابت ہو۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سڑک کی تعمیر مقررہ وقت کے اندر مکمل کی جائے اور اس کی تعمیر میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہ کی جائے گی۔ ایگزیکٹو ڈو یلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں آزادجموں وکشمیرکونسل سیکر ٹریٹ کی بلڈنگ کی PC.1 کی نظرثانی کی بھی منظوری دی گئی ۔

وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس عمارت کی تعمیر میں پہلے ہی بہت تاخیر ہو چکی ہے اور اس میں کسی قسم کی مزید تاخیر نا قابل برداشت ہے ۔اس عمارت کا چونکہ 80 فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے لہذا اس کو عوامی مفادات کے پیش نظر جلد مکمل کرکے استعمال میں لایا جائے۔