سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے اسلام آباد کی حیثیت کے حوالے سے قانون سازی کی تجویز پیش کردی ، وزارت قانون اور وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب

منگل 13 اکتوبر 2015 19:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی حیثیت کے حوالے سے قانون سازی کی تجویز پیش کرتے ہوئے وزارت قانون اور وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی ۔ منگل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق کا اجلاس سینیٹر محمد جاوید عباسی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ اسلام آباد کے سٹیٹس کے حوالے سے تمام تر تقاضے پورے کئے جانے چاہئیں، وزارت قانون اس حوالے سے ضروری ترامیم کی جائزہ رپورٹ تیار کرے۔ آئین کے مطابق فیڈرل کیپیٹل کے درجہ کے حوالے سے گزارشات پیش کرتے ہوئے سیکرٹری وزارت قانون سردار رضا نے کہا کہ آئین کے مطابق فیڈرل کیپیٹل اسلام آباد کو صوبے کا درجہ دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں اسلام آباد میں صوبائی اسمبلی اور گورنر کی تعیناتی درکار ہے۔ کمیٹی نے سیکرٹری داخلہ کو آئندہ اجلاس میں طلب کرتے ہوئے وزارت قانون کو ہدایات جاری کیں کہ اسلام آباد کے درجہ کے حوالے سے قانون سازی کے عمل میں تمام تقاضے پورے کئے جانے چاہئیں۔