کراچی ،گلستان میں جھگیوں پر پہاڑ ٹوٹ پڑا ،پہاڑی تودے تلے آکر بچوں اور خواتین سمیت 13افراد جاں بحق

لوگ مدد کیلئے آوازیں دیتے رہے ،اپنی مدد آپ کے تحت اپنوں کو بچانے کی کوشش مرنے والوں میں ایک خاندان کے5افراد شامل جاں بحق افراد کا تعلق راجن پور اور رحیم یار خان سے تھا،حادثے کے وقت زیادہ تر لوگ سورہے تھے ،میتیں آبائی علاقوں میں روانہ کی جائیں گی

منگل 13 اکتوبر 2015 18:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں جھگیوں کے مکینوں پر پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ پہاڑی تودے تلے آ کر 7 بچوں اور3 خواتین سمیت 13 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ میتیں ایدھی سرد خانیمیں غسل کے بعد جنوبی پنجاب بھجوائی جائیں گی ۔وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں مٹی کا تودہ گرنے سے انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک ون میں پیر اور منگل کی درمیانی رات ایک خالی پلاٹ میں قائم جھگیوں پر مٹی کا تودا گر گیا۔ لوگ اپنے پیاروں کی تلاش کیلئے ایک دوسرے کو مدد کیلئے پکارتے رہے اور2 گھنٹے تک اپنی مدد آپ کے تحت کارروائیوں پرمجبور رہے۔ ملبہ ہٹانے کے لیے مشینری پہنچی تو امدادی کارروائیوں میں تیزی آئی اور رینجرز اہلکاروں نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

لاشیں نکالنے کے بعد ریسکیوکا کام مکمل کرلیا گیا ہے، امدادی کارکنوں نے 13 افراد کی لاشیں نکال کراسپتال منتقل کردیں ہیں، اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے میں 3 خواتین اور 7 بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ میتو کوان کے آبائی علاقے بھجوا دیا جائے گا۔ حادثہ میں زندہ بچ جانیوالے ایک نوجوان نے میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مدد کیلیے لوگوں کو پکار رہا تھا اور کوئی سنے والا نہ تھا۔

متاثرہ خاندان کے اس فرد کا کہناہے کہ پلاٹ کسی پولیس افسر کا ہے جس نے انہیں چوکیداری کیلئے بٹھایا تھا۔ان جھگیوں پر مٹی کا تودہ گرا تو خاندان کے خاندان اجڑ گئے۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنوں کو بچانے کی بہت کوشش کی۔لیکن بہت دیرہوچکی تھی۔3 جھگیاں مٹی کے تودے کی زد میں آئیں جن میں 14 افراد رہائش پذیر تھے۔کسی خواب ،کسی کی امیداور کسی کی خوشی سب ہی مٹی میں مل گئے۔

لقمہ اجل بننے والوں میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد شامل ہیں ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کا تعلق راجن پور اور رحیم یار خان سے تھا۔ جاں بحق افراد کی شناخت ایوب، فرید، سائرہ، خالدہ، نسرین، آمنہ اور ریحانہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گلستان جوہر بلاک ایک میں واقع جھگیوں پر پہاڑی سے رات دوبجے کے قریب جب توداگراتو زیادہ ترلوگ سورہے تھے اور پھرعلاقہ آہوں اورسسکیوں سے گونج اٹھا۔

واقعہ کے بعد کمشنر کراچی شعیب صدیقی بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ کمشنر کراچی کی بار بار ہدایات کے باوجود کے ایم سی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کا عملہ بر وقت نہیں پہنچ سکا۔کے ایم سی کا عملہ ملبہ ہٹانے کے لئے ڈھائی گھنٹے تاخیر سے پہنچا۔ امدادی کارروائیوں میں تاخیر کے باعث قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔ کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو بر وقت جائے حادثہ پر پہنچ جانا چاہئے تھا۔

کمشنر کراچی شعیب صدیقی نے گلستان جوہر میں تودہ گرنے کے واقعہ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کرتے ہوئے تمام پہلووں کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔کمشنر کراچی کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی کے سربراہ ڈپٹی کمشنر شرقی آصف جان ہوں گے۔کمیٹی کے دیگر ارکان میں ایس ایس پی ایسٹ، ڈائرکٹر لینڈ اور ڈائرکٹر میونسپل سروسز شامل ہیں۔

انکوائری کمیٹی کمشنر کراچی کو رپورٹ پیش کرے گی۔ایس ایس پی ایسٹ جاوید جسکانی کے مطابق ڈسٹرکٹ ایسٹ میں زمینوں پر قبضے کی شکایتیں ہیں۔ تحقیقات کے بعد پتا چلے گا کہ واقعہ محض حادثہ ہے یا اس کے پیچھے تخریب کاری تھی۔ واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی ۔دوسری جانب پولیس نے کہا ہے کہ ابتدائی تفتیش کی روشنی میں مٹی کا تودا گرنے کا واقعہ قدرتی آفت ہے تاہم اس میں دہشت گردی کا عنصر نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔

جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے گئے ہیں جس کی روشنی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ادھرترجمان پرائم منسٹر ہاوس کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کیلئے مغفرت کی دعا کی ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملبے میں پھنسے افراد کو جلد از جلد نکالا جائے ۔

ایم کیوایم کے اعلامیے کے مطابق ایم کیو ایم کے ایک وفد نے جائے حادثہ کا دورہ کیا ۔ وفد میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر سید شاہد پاشا ، اراکین رابطہ کمیٹی امین الحق ، محمد حسین اور حق پرست ارکان قومی و صوبائی اسمبلی مزمل قریشی، فیصل سبزواری اور ارتضی فاروقی بھی شامل تھے۔ وفد نے واقعے میں متعدد افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کراچی میں جھگیوں پر مٹی کا تودہ گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئیجاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :