تعلیم کے ذریعے ہی اقوام عالم کے چیلنجوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں ٗنثار احمد کھوڑو

حکومت بھی تعلیم کے فروغ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے،سینئر وزیر برائے تعلیم کا تقریب سے خطاب

منگل 13 اکتوبر 2015 18:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) اقوام عالم کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے طلباتعلیم سے مسلح ہو کر میدان عمل میں آئیں کیونکہ تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے اور تعلیم کو عام کرنے کے لیے عوام میں شعور پیدا کرنا ہوگا۔ حکومت بھی تعلیم کے فروغ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے ،لیکن حکومت کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کا ساتھ دیں۔

اِن خیالات کا اظہار صوبائی وزیرتعلیم نثار احمد کھوڑو نے پرسٹین انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (PIMSAT)کے سالانہ کانونشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقعہ پر انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین منور احمد، ایڈوائز عاصم نذیر احمد ، ڈائریکٹر جنرل محمد احمد جان ، فکلٹی ممبران طلباء کے عزیز و اقارب و معززین شہر نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ اب جدید دور میں دُنیا بھر میں اسلحے کی دوڑ ختم ہوتی جارہی ہے کیونکہ ان قوموں نے جدید ٹیکنالوجی اور تعلیم کے ذریعے حکمرانی کا پلان بنالیا ہے ہمیں بھی اسلحہ نہیں قلم سے ایسا ہی کرنا ہوگا ورنہ آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی اس لیے ہمیں سنجیدگی سے غور خوص کرکے قلم کے ذریعے اپنے آپ کو اپنی قوم اور سوچ کو بدلنا ہوگا کیونکہ بھوک افلاس بدحال ، بیروزگاری ، مہنگائی ، دہشتگردی جیسے مسائل بھی ہم تعلیم و سمجھداری روشن خیال برداشت و تحمل سے ختم کرسکتے ہیں ۔

لہٰذا طلبا کو چاہئے کہ پرسٹین انسٹیٹیوٹ جیسے تعلیمی ادارے سے فائدہ اُٹھائیں اور والدین و اساتذہ کا احترام کریں اور تعلیم کو ہی اپنا جہاد کا ہتھیار بنائیں کیونکہ علم ہی مضبوط پلیٹ فارم اور ترقی کا زینہ ہے جس کے ذریعے آپکو بہترین روزگار کے مواقع بھی ملیں گے- انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین منور احمد نے کہا کہ طلباء قوم کے مستقبل کا سرمایہ ہیں اس لیے ہم جو تعلیم دے رہے ہیں اس سے نئی نسل کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ اپنے وسائل سے بھی اچھی طرح استفادہ حاصل کرنا ہوگا تاکہ ملک کو خوشحال بنانے کیلئے اہم کردار ادا کرسکیں۔

ڈائریکٹر جنرل محمد احمد جان نے کہا اس وقت قوم کو نت نئے چیلنجوں کا سامنا ہے لہٰذا طلبا سائنسی ٹیکنالوجی کے ذریعے ہی قوم کے معاشی نظام کو مستحکم اور مضبوط بناسکتے ہیں آخر میں مہمان خصوصی صوبائی وزیرتعلیم نثار احمد کھوڑو، انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین منور احمد ، ڈائریکٹر جنرل محمد احمد جان نے طلبا میں گولڈ میڈل اور ڈگریاں تقسیم کیں اس موقع پر طلباء اور ان کے عزیز و اقارب کانونیشن سے بھرپور لطف اندوز ہوئے اور خوشی کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :