سی ٹی او نے وزٹ کے دوران ڈیوٹی میں غفلت ،لاپرواہی برتنے پر 17اہلکاروں کو شوکاز جاری کردےئے

مغلپورہ ،شادمان،اچھرہ،نواں کوٹ،سمن آباداور ٹریفک ہیلپ لائن آفس راستہ کنٹرول کا سرپرائز وزٹ کیا ،ڈیوٹی سے غیر حاضری ،غفلت ،لاپرواہی، رانگ پارکنگ اورتجاوزات کے خلاف ٹھوس کارروائی نہ کرنے پر احکامات دےئے گئے،وارڈنز محنت اور لگن سے ڈیوٹی کریں،طیب حفیظ چیمہ

منگل 13 اکتوبر 2015 18:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے ٹریفک کی روانی کا جائزہ لینے کیلئے مغلپورہ،شادمان،اچھرہ،نواں کوٹ،سمن آباداور ٹریفک ہیلپ لائن آفس راستہ کنٹرول کا وزٹ کیا ۔ڈیوٹی میں غفلت، کوتاہی،رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف موثر کارروائی نہ کرنے پراے ایم ٹی او،لفٹر انچارج اور ڈرائیورسمیت17وارڈنزکو شوکاز نوٹس جاری کردےئے۔

انہوں نے تمام ڈی ایس پیزاورسیکٹرز انچارجز کو سختی سے ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں رانگ پارکنگ اور تجاوزات کیخلاف ٹھوس کارروائی کریں تاکہ ٹریفک کی روانی میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔ چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے مغلپورہ،شادمان،اچھرہ،نواں کوٹ،سمن آباداور ٹریفک ہیلپ لائن آفس راستہ کنٹرول کا سرپرائز وزٹ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مغلپورہ چوک کے گردونواح میں رانگ پارکنگ اور تجاوزات کیخلاف ٹھوس کارروائی نہ کرنے پرلفٹر انچارج عابداور ڈرائیورسہیل کو شوکازجاری کردیا۔

ٹریفک سیکٹر شادما ن کے وارڈنزشہزاد،اشفاق،محمدعلی اور سلیم کوپل نہر جیل روڈ پر ڈیوٹی میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرنے،سیکٹر اچھرہ کے عرفان کو مناسب ٹرن آؤٹ نہ ہونے پر،سیکٹر نواں کوٹ میں سپیشل ڈیوٹی آئے ہوئے ٹریفک وارڈنزاحتشام ،عمران ،مختار،طاہر،قادر،اے ایم ٹی او اشتیاق اور سجاد کو شوکاز نوٹس کا حکم دیدیا۔ طیب حفیظ چیمہ نے ٹریفک کنٹرول آفس راستہ کنٹرول کا وزٹ کیا اور ڈیوٹی سے غیر حاضر ٹریفک وارڈنزحسنین،کاشف اور رؤف کوبھی شوکاز جاری کردیا۔

انہوں نے کہا کہ رانگ پارکنگ اور تجاوزات کیخلاف ٹھوس اقدامات نہ کرنے والے افسران اور وارڈنز کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے اپنے علاقوں میں رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر دفتر ارسال کریں۔