سردار ایاز صادق کی کامیابی جمہوریت کی فتح ہے، انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انداز میں ہوئے، مصدق ملک کا انٹرویو

منگل 13 اکتوبر 2015 17:33

اسلام آباد ۔ 13 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) وزیراعظم کے خصوصی معاون و ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ این اے 122 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار ایاز صادق کی کامیابی جمہوریت کی فتح ہے، انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انداز میں ہوئے۔ منگل کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انتخابات کے شفاف انعقاد کے لئے فوج کی تعیناتی، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سمیت تحریک انصاف کے تمام مطالبات پورے کئے گئے۔

(جاری ہے)

مصدق ملک نے کہا کہ عوام کی خدمت جمہوریت کا حصہ ہے اور عوام حقیقی سیاستدانوں سے بخوبی آگاہ ہیں اسی لئے انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے حق میں ووٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہئے کیونکہ تحریک انصاف کے دھرنوں کی وجہ سے قوم کا بہت وقت ضائع ہوا ہے۔ انتخابی فہرستوں پر تحریک انصاف کے خدشات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول کے اعلان سے پہلے انتخابی فہرستیں شائع کی تھیں اور اس وقت تو پی ٹی آئی نے ان پر کوئی تشویش ظاہر نہیں کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں موثر انداز میں کام کر رہی ہے اور اس نے عوامی فلاح و بہبود کے بہت سے منصوبے شروع کئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :