ڈیرہ اسماعیل خان ،ڈسٹرکٹ پولیس نے 27انتہائی مطلوب مجرموں اور دہشتگردوں کی فہرست عوامی مقامات پر آویزاں کردی

منگل 13 اکتوبر 2015 16:48

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) ڈیرہ اسماعیل خان کی ڈسٹرکٹ پولیس نے 27انتہائی مطلوب مجرموں اور دہشتگردوں کی فہرست تیار کرکے عوامی مقامات پر آویزاں کردی، عوام سے ان افراد کی گرفتاری میں تعاون کی اپیل اور ان دہشت گردوں سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو ضلعی پولیس نے ڈیرہ اسماعیل خان میں 27انتہائی مطلوب مجرموں اور دہشت گردوں کی فہرست تیار کر کے عوامی مقامات پر آویزاں کر دی ہے ۔

پولیس نے عوام سے یہ اپیل بھی کی ہے کہ وہ ان دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے پولیس سے بھرپور تعاون کریں اور ان دہشت گردوں سے ہوشیار بھی رہیں کیونکہ یہ انتہائی خطرناک دہشت گرد ہیں اور کسی بھی وقت اور کسی کو بھی جانی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس فہرست میں القاعدہ کا عمران بلوچ عرف عمر خطاب سب سے زیادہ مطلوب ہے جو دہشتگردی کے مختلف حملوں میں ملوث رہا اور پولیس نے اس کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقررکررکھی ہے۔

عوامی مقامات ، پولیس کی گاڑیوں پر آویزاں کیے گئے بینرز میں ملزمان کی تصاویر ، پتے یاصرف نام بھی درج ہیں۔ محرم الحرام سے پہلے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے پولیس سرگرم ہے اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ملزمان سے متعلق کسی بھی قسم کی کوئی بھی معلومات ، شناخت یا گرفتاری میں مدد کیلئے دیئے گئے نمبروں پر فوری طور پر رابطہ کریں ۔

متعلقہ عنوان :