اسلام آباد : سپریم کورٹ نے اراکین اسمبلی پر ضمنی الیکشن میں‌انتخابی مہم چلانے پر پابندی عائد کر دی۔

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 13 اکتوبر 2015 16:46

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے اراکین اسمبلی پر ضمنی الیکشن میں‌انتخابی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 13 اکتوبر 2015 ء) : سپریم کورٹ نے اراکین اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں مہم چلانے پر ایک مرتبہ پھر سے پابندی عائد کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کی ضابطہ اخلاق سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے اراکین اسمبلی کو ضمنی الیکشن مہم میں حصہ لینے کی اجازت دی تھی جبکہ الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق جاری کیا تھا جس میں تمام اراکین اسمبلی کو کسی بھی انتخابی مہم میں حصہ نہ لینے سے متعلق کہا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے خلاف فیصلہ جاری کیا تھا جو کہ الیکشن کمیشن کے اختیارات میں مداخلت ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری نہیں کیا۔عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے کیس واپس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوانے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ لاہور ہائیکورٹ بھی ایک ماہ میں اس کیس کا فیصلہ کر دے گی۔