امریکی کمپنی فورڈ موٹرزکاچین میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

منگل 13 اکتوبر 2015 13:52

شنگھائی۔13 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) امریکی کار ساز کمپنی ”فورڈ موٹرز“ دنیا کی سب سے بڑی آٹو مارکیٹ چین میں گاڑیوں کی فروخت میں کمی کے باوجود ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر کی استعداد کار میں اضافے پر 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع ابلاغ کے مطابق فورڈ حکام کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کہ چین کے مشرقی شہر نان ژنگ میں قائم ”فورڈز آراینڈ ڈی“سنٹر کی صلاحیت میں اضافے کیلئے 11.4 ارب یوآن کی سرمایہ کاری کی جائے گی جبکہ منصوبہ کو 2020ء تک مکمل کیا جائے گا۔

فورڈ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک فیلڈز نے اپنے بیان میں کہا کہ چین میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر سرمایہ کاری سے فورڈ کی نیکسٹ جنریشن گاڑیاں صارفین کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی جائیں گی۔ یاد رہے کہ چین میں رواں سال کے پہلے 8ماہ کے دوران فورڈ کی 7 لاکھ 196 گاڑیاں فروخت ہوئیں ہیں۔