سعودی عرب کیخلاف سازش کرنے والے خفیہ ہاتھ کاٹ دیں گے،شاہ سلمان

منگل 13 اکتوبر 2015 13:13

سعودی عرب کیخلاف سازش کرنے والے خفیہ ہاتھ کاٹ دیں گے،شاہ سلمان

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء ) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کہا ہے کہ ان کے ملک کے خلاف سرگرم خفیہ سازشی ہاتھ اپنی ریشہ دوانیوں میں کسی صورت میں کامیاب نہیں ہوں گے، سعودی عرب میں بدامنی، سیاسی انارکی، فرقہ واریت اور عالم اسلام میں انتشار پھیلا کر سعودی عرب کو کمزورنہیں کیا جاسکتا اور نہ کسی دشمن ملک کی سازشوں سے سعودی عرب کی حجاج ومعتمرین کرام کی خدمت کے فریضے کی انجام دہی میں کسی قسم کی منفی اثرات مرتب کیے جاسکتے ہیں۔

عالمی میڈیا کے مطابق سعودی شاہ سلمان نے ریاض میں سعودی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک کسی خفیہ ہاتھ کو اپنی مکروہ سازشوں کو آگے بڑھانے کی اجازت نہیں دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی حکومت اور عوام نے تمام تر صلاحیتیں اللہ کے مہمانوں کی خدمت اور ان کے تحفظ و سلامتی کے لیے وقف کر رکھی ہیں۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کا کوئی دشمن ہمیں حجاج کرام کی خدمت سے نہیں روک سکتا۔

شاہ سلمان نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں منٰی کے مقام پرحج کے دوران بھگدڑ کے نتیجے میں ہونے والے حادثے پر سعودی عرب کے ساتھ اظہار ہمدردی پر پورے عالم اسلام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے منیٰ حادثے میں شہید ہونے والوں کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعا کی۔شاہ سلمان نے کہا کہ منیٰ حادثے کے بعد بعض دشمن عناصر کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف ایک منفی اور مکروہ سازشی مہم چلائی گئی مگر ہم اس طرح کی سازشوں اور ان کے پیچھے سرگرم خفیہ ہاتھوں کو کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

متعلقہ عنوان :