راولپنڈی ،صرافہ بازارکی تاجر برادری کا آئے روزڈکیتیوں ، عدم تحفظ اورملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف شدید احتجاج پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی ، ٹائروں کو آگ لگاکر مری روڈ بند کردیا ، آگ کی زد میں آکر ایک شخص زخمی

پرتشدد احتجا ج پر انتظامیہ کے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات ، مظاہرین منتشرہوگئے

پیر 12 اکتوبر 2015 23:08

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) صرافہ بازارکی تاجر برادری نے ڈکیتیوں کی آئے روز ہونے والی وارداتوں،پولیس کی جانب سے تحفظ نہ ملنے اورملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف شدید احتجاج کیا ، پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی، مری روڈ پر ٹائروں کو آگ لگائی ،جس کی ذد میں آکر ٹائر جلانے والے ایک شخص بازوجل گئے ،جسے طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچادیاگیا،مظاہرین کے پرتشدد احتجا ج کودیکھتے ہوئے پولیس انتظامیہ نے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کیے ،جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔

(جاری ہے)

پیر کے روز جیولرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر خواجہ سہیل صادق کی جانب سے دی جانے والی احتجاج کی کال پر صرافہ بازار کی تاجربرادری نے دکانیں بند کیں اورمری روڈتک خواجہ سہیل کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی ، پولیس کے خلا ف شدید نعرے بازی کی، ٹائروں کو آگ لگائی ،مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کہاکہ پولیس کی موجودگی میں صرافہ بازار کی تاجر برادری کو تحفظ نہ دیاجاسکا،آئے روزہونے والی ڈکیتیوں کے ملزمان گرفتارنہ کیے جاسکے ،تاجربرادری اورشہریوں کوآئے روز لاکھوں کروڑوں روپے کانقصان اٹھاناپڑرہاہے ،جس پرشدید ذہنی اذیت سے دوچارہیں،اگرپولیس نے ہنگامی بنیادوں پرملزمان کے خلاف کارروائی عمل میں نہ لائی تواحتجاج کادائرہ کاربڑھا نے پرمجبورہونگے ،بعدازاں ایس ایس پی ملک کرامت کے ساتھ ہونے والی مذاکرات میں تاجر برادری کوتحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی پرمظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔