ہاکس بے اسکیم 42 میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے محکمہ انسداد تجاوزات کا گرینڈ آپریشن

پیر 12 اکتوبر 2015 22:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی ہدایات پرلیاری ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے نے ہاکس بے اسکیم ۴۲ کے مختلف سیکٹرز میں غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لئے لینڈ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران ہاکس بے اسکیم ۴۲ کے سیکٹر ز ۶۴،۶۵،۶۶ اور منڈیاری میں محترمہ شہید بے نظیر بھٹو ہ ٹاؤن میں قائم تجاوزات کو منہدم کر کے کروڑوں روپے مالیت کی سینکڑوں ایکڑ اراضی خالی کرا لی ہے۔

یہ آپریشن لیاری ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے نے محکمے کے ڈائریکٹر شاہد حسن اور بورڈ آف ریوینیو کی انسداد تجاوزات پولیس کے ایس ایچ او راؤ مقیم اور سب انسپکٹر محمد شاہدکی قیادت میں کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اتھارٹی کے افسران کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔علاوہ ازیں لیاری ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور بورڈ آف ریونیو کے محکمہ انسداد تجاوزات کی ٹیم سیکٹر ۶۶ میں قائم غیر قانونی فیکٹری کو مسمار کرنے پہنچی تو لینڈ مافیا کے کارندوں نے شدید مزاحمت کی اورٹیم کے عملے پر فائرنگ کردی ۔

تاہم لیاری ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر شاہد حسن نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ہاکس بے میں غیر قانونی طور پر قائم کی جانے والی اس فیکٹری کے مالکان اورفائرنگ کرنے والے افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ لیاری ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل آغا مقصود عباس نے ہاکس بے اسکیم ۴۲ کے مختلف بلاکس میں قائم تجاوزات کو منہدم کر کے کروڑوں روپے مالیت کی سینکڑوں ایکڑ اراضی خالی کرانے پرلیاری ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہاکس بے اسکیم ۴۲ کے بہترین محل و وقوع ہونے کے باعث لینڈ مافیا کے کارندے زمینوں پر قابض ہونے کی کوشش کر رہے ہیں جنہیں ہر صورت میں ناکام بنایا جائے گا۔

انہوں نے لیاری ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے افسران اورعملے کو ہمہ وقت چوکنا رہتے ہوئے تجاوزات کے روک تھام کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں متعلقہ افسران سے براہ راست رابطہ رکھنے اور موقع پر ہی تجاوزات کے خلاف عملی قدم اٹھانے پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :