واٹر بورڈ کے وسائل پر خود انحصاری کے لئے وقت ضائع کئے بغیر اپنے ٹیکس نیٹ ورک میں اضافہ کے لئے فوری اقدامات کرے، سیّد ناصر حسین شاہ

پیر 12 اکتوبر 2015 22:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) صوبائی وزیرِبلدیات و چیئرمین واٹربورڈ سیّد ناصر حسین شاہ نے واٹر بورڈ کو اپنے ریونیو کو بڑھانے اور مالی خود انحصاری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر نے کی ہدایت کی ہے کہ واٹر بورڈ کے وسائل پر خود انحصاری کے لئے وقت ضائع کئے بغیر اپنے ٹیکس نیٹ ورک میں اضافہ کے لئے فوری اقدامات کرے ، تا کہ ادارہ مالی طور پر خود کفیل ہو سکے اور فراہمی و نکاسی آب کے سسٹم کو واٹر بورڈ کے وسائل سے ہی بہتر طور پر چلایا جا سکے، ان ہدایات پر ایم ڈی واٹر بورڈ مصبا ح الدین فرید نے محکمہ ریونیو اور ٹیکنیکل سر وسز واٹر بورڈ کو مناسب حکمتِ عملی وضع کر نے کی ہدایت کی ، لہٰذا وزیر بلدیات کی ہدایات کے پیش نظر ٹیکس نیٹ بڑھانے، ٹیکس صارفین نیٹ ورک میں اضافہ کرنے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم فلٹر پلانٹس (منرل واٹر) مختلف کاروبار کرنے والوں ، بیکریوں، سوئیٹس اینڈ بیکرز، ڈرائی کلینرز ، کلینکس ، ملک سیلرز،سروس سینٹرز، ریسٹورینٹس،حمام ، پارلرز، پکوان سینٹرز، چائے خانے، نرسریاں، گھریلو صنعتیں اور اس قسم کے دیگر صارفین کے خلاف گھریلو کنکشنز کو تجارتی بنیاد پر استعمال کرنے یا غیر قانونی کنکشنز سے پانی استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے، ایم ڈی واٹر بورڈ نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز اور ریونیو سے کہا ہے کہ تمام تجارتی صارفین کی ، ہر کیٹیگری میں جو واٹر بور ڈ کا پانی کسی بھی پیمانے پر تجارتی مقاصد کے لئے استعمال میں لا رہے ہیں یا گھریلو کنکشنز سے غیر قانونی طور پر واٹر بورڈ کی منظوری کے بغیر تجارتی مقصد کے لئے استعمال کر رہے ہیں محکمہ ریونیو اور انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ ان کے خلاف کاروائی کر نے کے لئے دونوں محکمے مشترکہ خصوصی ریکو ری اسکواڈ تشکیل دیں جو نہ صرف یہ کہ ڈپٹی ڈائریکٹر ز ٹیکنیکل سر وسز ،ریونیو ، فیلڈ افسران، چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز ، XEN بلکہ شہریوں کی جانب سے نشاندہی کئے جانے والے غیر قانونی صارفین کے خلاف سخت کارروائی کرے گا،( واضح رہے کہ پانی کے غیر قانونی استعمال و چوری پر جاری آرڈی نینس کے تحت 10 لاکھ روپے جرمانہ اور 10سال قید کی سزا دی جا سکتی ہے )، ایم ڈی واٹر بورڈ نے شہریوں ، سماجی تنظیموں، ہر مکتبہ فکر کے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ وہ واٹر بورڈ سے تعاون کریں جو معمولی نرخ پر 2 کروڑ سے زائد آبادی کو محدود وسائل کے باوجود پانی فراہم کر رہا ہے، اس سلسلے میں ایم ڈی واٹر بورڈ نے اسٹا ف آفیسر ٹو ایم ڈی الہی بخش بھٹو کو فوکل پرسن بنایا ہے ان سے شہری فون نمبرز 99245709 پر رابطہ کر سکتے ہیں ، اطلاع کرنے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا، علاوہ ازیں 99245142، 99245146 اور 99244595 پر بھی شکایات کا دفتری اوقات میں اندراج کرائیں تا کہ اس میں ملوث عناصر کو قانونی گرفت میں لایا جا سکے، اس بات کی وضاحت ضروری ہے کہ جو افرا د گھریلو کنکشنز یا چوری سے تجارتی مقاصد کیلئے پانی استعمال کر رہے ہیں اس کی وجہ سے ان علاقوں میں پانی کی شدید قلت بھی پیدا ہو رہی ہے شہری ادارہ واٹر بورڈ کو ریونیو بھی حاصل نہیں ہو رہا ،جو واٹر بورڈ کے مسائل میں اضافہ کر ہا ہے اور اس کی وجہ سے فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولتوں کی فراہمی میں دشواری لاحق ہے لہٰذا ہر شہر ی واٹر بورڈ کا ساتھ دے تاکہ ہم سسٹم کو رواں رکھ سکیں اور پانی کی ہر علاقہ میں فراہمی ممکن بنا سکیں اور جہاں فراہمی آب کا سسٹم نہیں ہے وہاں سسٹم ڈالا جاسکے ،واٹر بورڈ سر کاری وسائل کے بجائے اپنے مالی وسائل سے اپنی ضرورتٰ پو ری کر سکے یہی وزیر بلدیات کا ویژن ہے ۔