موجودہ حکمران غیر جمہوری طاقتوں کی بیساکھیوں سے اقتدار میں آئے اور بیس پچیس سال سے اپنے انداز میں حکومت کر رہے ہیں‘منظور احمد وٹو

پیپلز پارٹی ،پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کی کوڈ آف کنڈکٹ کی دھجیاں بکھیرنے کی وجہ سے ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کے حق میں تھی ‘صدر پیپلزپارٹی پنجاب

پیر 12 اکتوبر 2015 22:47

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء ) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹونے کہا ہے کہ پنجاب کی پیپلز پارٹی پی ٹی آئی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کوڈ آف کنڈکٹ کی دھجیاں بکھیرنے کی وجہ سے ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کے حق میں تھی لیکن پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ہدایت کی کہ نتائج کچھ بھی ہوں جمہوریت کی خاطر ہم نے میدان میں کھڑے رہنا ہے، چنانچہ اس فیصلے کی روشنی میں ضمنی انتخابات کے چار دن پہلے اپنی انتخابی مہم شروع کی۔

ظاہر ہے نتائج ہماری توقعات کے مطابق نہیں ہو سکتے تھے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ دنیا نے دیکھا کہ پی ٹی آئی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) 15 لاکھ روپے کی قانونی حد کو پورا کرنے کی بجائے انہوں نے انتخابی مہم میں کروڑوں نہیں بلکہ اربوں خرچ کئے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اس پر سرد مہری ہماری شکایت کے باوجود حیران کن تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ کے ضمنی انتخابات میں کاشتکاروں نے موجودہ حکومت کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ ان کی کسان دشمن پالیسیوں کی وجہ سے کاشتکاروں نے ان کے امیدوار کو ووٹ نہ دے کر بدلہ لیا ہے اور وہ دوسرا بدلہ آئندہ ہونیوالے مقامی حکومتوں کے انتخابات میں لیں گے۔

اشرف سوہنا کی ضمانت ضبط ہونے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے لیکن ان کا حشر وہی ہوا جو کہ ایسے لوگوں کا ماضی میں ہوا تھا جنہوں نے پارٹی چھوڑ کر اقتدار کی خاطر یا چمک کی خاطر دوسری قوتوں سے الحاق کیا۔انہوں نے پیپلز پارٹی اوکاڑہ میں پارٹی کی کارکردگی کا ذمہ دار مقامی پارٹی کی تقسیم کو ٹھہرایا جس سے پارٹی کا ووٹ تقسیم ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران غیر جمہوری طاقتوں کی بیساکھیوں سے اقتدار میں آئے اور گزشتہ بیس پچیس سال سے اپنے انداز میں حکومت کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی انتخابات میں حکومت کو 15سے 20 فیصد کا انتخابی فائدہ خوانخواہ ہو جاتا ہے۔