الیکشن کمیشن نے غیرجانبداری کیساتھ ضمنی الیکشن منعقد کرایا،پرامن الیکشن کا انعقاد آرمی کی مرہون منت ہے،الیکشن مہم پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی متعدد درخواستیں موصول ہوئی تھیں‘کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے گئے

ریٹرننگ آفیسراین اے 122 زاہد اقبال کی میڈیا کو بریفنگ

پیر 12 اکتوبر 2015 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) حلقہ این اے 122اور پی پی 147کے ریٹرننگ آفیسر زاہد اقبال نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے غیر جانبداری کے ساتھ ضمنی الیکشن منعقد کرایا، فوج نے شفاف انتخابات کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، الیکشن کمیشن کو کسی قسم کی شکایات موصول نہیں ہوئیں۔ پیر کولاہور کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر زاہد اقبال نے کہا ہے کہ تمام پولنگ عملے نے بڑی جانفشانی اور شفاف طریقے سے کام کیا ہے۔

(جاری ہے)

پولنگ عملے پر کسی قسم کا پریشر نہیں تھا۔ تمام امور غیر جانبداری سے انجام پائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن الیکشن کاانعقاد آرمی کی مرہون منت ہے۔ بہترین انتظامات پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے کا کردار بھی لائق تحسین رہا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن مہم پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی متعدد درخواستیں موصول ہوئی تھیں لیکن درخواست گزاروں کی جانب سے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں ایسے شفاف انتخابات کاانعقاد پہلے کبھی نہیں ہوا۔ الزامات لگانا آسان ہوتا ہے لیکن اس کو ثابت کرنا مشکل ہے۔